اینور کینسر ہسپتال ایبٹ آباد میں یوم تکبیر کے حوالہ سے پروقار تقریب کا انعقاد

یوم تکبیر کی بدولت عالم کے سامنے ہم سر اٹھا کر جینے کے قابل ہوئے، 2016ء میں 340 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوئی میڈیکل کے شعبہ میں 18 کینسر ہسپتالوں میں تقریباً 70 سے 80 فیصد مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے‘ ڈائریکٹر اینور

اتوار 28 مئی 2017 20:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) یوم تکبیر کے موقع پر اینور کینسر ہسپتال ایبٹ آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہسپتال کے تمام آفیسر سمیت سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد ڈائریکٹر اینور نے پرچم کشائی کی، سیکورٹی سٹاف نے ڈائریکٹر اینور کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اینور کے ہیڈ آنکالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالصمد شیخ نے سابق چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر اشفاق احمدکا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے (پی اے ای سی) کے تمام ورکرز کو مبارکباد پیش کی اور میرٹ کو یقینی بنانے پر زور دیا کیونکہ یہی پی اے ای سی کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ اس کے بعد پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد انیس نے موجودہ چیئرمین محمد نعیم کا پیغام پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ ہمیں مل کر ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا ہو گا کیونکہ جوں جوں پی اے ای سی کی کامیابیوں میں اضافہ ہو رہا ہے دشمنوں اور حاسدوںنے بھی اپنی کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں، اس سلسلہ میں سائبر سیکورٹی اور ایس پی ڈی کا کرادر اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایٹمی بجلی گھروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2016ء میں مزید 340 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر اینور ڈاکٹر سید جواد اختر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن کو پورا ملک عمومی طور پر اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن خصوصی طور پر منا رہا ہے کیونکہ یہ وہ دن ہے جس نے دفاعی طور پر ہمیں عالم کے سامنے سر اٹھا کر جینے کا موقع فراہم کیا، دشمن طاقتیں اسی دن کے طفیل چاہنے کے باوجود بھی ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتیں، ہمارے ادارے، جفا کش اور محنتی لوگ اس ملک کی سالمیت کے درپے اقوام کے ارادے مٹی میں ملانے کے قابل ہیں۔

طب کے شعبہ میں پاکستان اٹامک انرجی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے ڈائریکٹر اینور نے کہا کہ اس شعبہ میں 18 کینسر ہسپتال کام کر رہے ہیں، تقریباً 70 سے 80 فیصد کینسر کے مریضوں کا علاج انہی ہسپتالوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے تفصیلی طور پر اینور کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ تقریب کے اختتام پر ہسپتال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :