رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ملک بھر میں بجلی وپانی بحران شروع ہوگیا، سیکریٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین

پہلی سحری کے دوران بجلی کی بندش کے باعث پورا شہر تاریکی میں ڈوبا رہا۔علی احمر

اتوار 28 مئی 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش پر کڑی تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پہلی سحری کے دوران بجلی کی بندش کے باعث پورا شہر تاریکی میں ڈوبا رہا۔کے الیکٹرک نے وزیر اعلی کورمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی اس کے باوجود بجلی کی بندش وزیر اعلی کے اختیارا ت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔

لوڈشیدنگ کی وجہ سے پورے شہر کو پانی کے بحران کا بھی سامنا ہے ترقیاتی کام التوا کا شکا ر ہیں۔بجلی کی آنکھ مچولی سارا دن جاری رہی جس نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ایک طرف مہنگائی اور ناجائز منافع خوروں نے عوام کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ضروری اشیائے خورد ونوش خریدنا عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے تو دوسری طرف لوڈ شیڈنگ نے گھریلو صارفین کو اضطراب کا شکار اور صنعتوں کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔

سرکاری ادارے اپنے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے دانستہ طور پر غافل بنے بیٹھے ہیں۔ایئر کنڈیشنز کمروں میں بیٹھ پر عوام کی تکلیف کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سخت ترین گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش عوام میں بے چینی پیدا کر رہی ہے۔ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ پر پابندی لگائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو۔

متعلقہ عنوان :