این ٹی ڈی سی نے جنوبی سسٹم کے تکنیکی فالٹ کو کم سے کم وقت میں بحال کیا‘ترجمان این ٹی ڈی سی

اتوار 28 مئی 2017 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے کہاہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حبکو پاور پلانٹ سے نکلنے والی دو 500کے وی ٹرانسمیشن لائنیں کسی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے ٹرپ نہیں ہوئی بلکہ پاور پلانٹ سے ٹرپ سگنل موصول ہونے پر ٹرپ ہوئیں۔این ٹی ڈی سی نے حب پاور کمپنی (حبکو) کے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی جانب سے ٹرپننگ کی وجہ معلوم کریں جس کی وجہ سے گرڈ کو بجلی کی پیداوار میں نقصان کا سامنا رہا۔

ٹرپننگ کے نتیجے میں جنوبی پاور سسٹم انڈر فریکونئسی چلا گیااورجامشورو پاورپلانٹ بھی ٹرپ کر گیا۔ جس کے باعث علی الصباح 3بجے کراچی الیکٹرک کمپنی(K-E) اور حیسکو کے علاقوں میں بجلی کا بریک ڈائون ہوگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی انجینئرز نے 220کے وی کے ڈی اے (KDA)33 - جامشورو پاور سسٹم اور 500کے وی کراچی این کے آئی (NKI)-حب پاور سسٹم صبح 4بج کر 30منٹ پر کم سے کم وقت میں انرجائز کر دیئے تھے۔

پاور سسٹم بتدریج نارمل ہوا۔ بعد ازاں حبکو کے یونٹ نمبر چار کو NKIگرڈ سے صبح 7بج کر 4منٹ پر منسلک کردیا گیا ۔ حبکواور جامشورو کے مزید یونٹس پاور سسٹم میں داخل ہونے سے سسٹم میںصبح 8بجے مزید بہتری آئی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر حبکو اور کے الیکٹرک کے لوکل پلانٹس کو پوری استعداد پر چلایا جائے تو کراچی میں بجلی کی صورتحال میںمزید بہتری آ سکتی ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی نے این ٹی ڈی سی ،این پی سی سی اور حیسکو کی کاوشوں کو سراہا ہے جنہوںنے سسٹم کو کم سے کم وقت میں بحال کردیاحالانکہ عام حالات میں کہیں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے ۔ٹرپ کی گئی ٹرانسمیشن لائنوں کی بروقت بحالی سے حبکو اور جامشورو نے بجلی کی پیداوار شروع کردی ۔ٹرپنگ سے متاثرہ علاقوں کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں سحری کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی۔

شہری علاقوں میں 97فیصد جبکہ دیہاتی علاقوں میں 85فیصد بلا تعطل بجلی فراہم کی گئی جبکہ بجلی کی پیداوار 17400میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ترجمان نے این ٹی ڈی سی کے طوفان سے تباہ ہونے والے ٹاورز کی بحالی کے کام پر اپ ڈیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ 500کے وی دادو-گدو ٹرانسمیشن لائن کے 7ٹاورز کی ایریکشن مکمل کرلی گئی ہے جبکہ کنڈکٹرزکی تبدیلی اور مرمت کی جارہی ہے اور سٹرنگنگ کے بعد مختصر وقت میں یہ ٹرانسمیشن لائن انرجائز کردی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ ٹرپنگ کے معاملات کو وزارت پانی و بجلی ، این ٹی ڈی سی، این پی سی سی اور حیسکو کی ٹیموں نے مانیٹر کیا اور سخت محنت سے بحالی کا کام سرانجام دیا۔