بجٹ لفظوں کا گورکھ دھندہ ، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے صنعت کاروں، بیوروکریٹ اور ساہوکاروں کو ریلیف دیا گیا

پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم کے صاحبزادے سید علی حیدر گیلانی کاتقریب سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 20:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم کے صاحبزادے سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ بجٹ لفظوں کا گورکھ دھندہ ہے جس میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے صنعت کاروں، بیوروکریٹ اور ساہوکاروں کو ریلیف دیا گیا۔یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جو حقیقی معنوں میں عوام دوست بجٹ دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکن ملک منظور راں کی جانب سے یونین کونسل 86جنگل کلراںوالا میں پیپلز پارٹی کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر حاجی اللہ بخش ہراج ملک انجم یار اوبھایا،آصف کلر،ملک مجاہدراں،ملک اللہ یارمہے ملک انصرودیگر معزین علاقہ کی کثیرتعداد میں موجود تھے انہوں نے مزید کہا کہ نہ تو کسانوں کی خوشحالی کے لئے کوئی اعلان کیا گیا نہ ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی خاطرخواہ اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باردانہ کی بلیک میلنگ کو روکنے کی بجائے من پسند چہیتوں کو نواز ا گیا اور اب صورتحال یہ ہے کہ گندم بھی من پسند افراد سے خریدی جارہی ہے اس سے بڑی کسان دشمنی کا اور کیا ثبوت ہو سکتا ہے جو کسان اپنے حقوق کے لئے اسلام آباد میں پرامن احتجاج کر رہے تھے ان پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور سینکڑوں کاشتکاروں کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا ہر اول دستہ ہیں تمام کارکنوں کو جائز مقام دیں گے۔پیپلز پارٹی کو آنے والے عام انتخابات میں عوام نے موقع دیا تو پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح عوامی فلاح و بہبود اور کسان دوست پالیسیوں کو ترجیح دے گی۔