Live Updates

کراچی:کے الیکٹرک نے ملک کے معاشی حب کراچی کو یرغمال بنا لیا ہے،خرم شیرزمان

کے الیکٹرک اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے کبھی واپڈا تو کبھی گیس کمپنی پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کا بیان

اتوار 28 مئی 2017 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بجلی فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے اور اس ادارے نے ملک کے معاشی حب کراچی کو یرغمال بنا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے کبھی واپڈا تو کبھی گیس کمپنی پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے دوسری جانب صوبائی حکومت اور گورنر سندھ کی کے الیکٹرک انتظامیہ سے خفیہ ملاقاتوں کا خمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ پر عوام کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے سندھ حکومت کے الیکٹرک پر واضع پالیسی کا اعلان کرے بصورت دیگر کے الیکٹرک کے خلاف آخری معرکہ کراچی کی گلی اور چوراہوں میں ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ بلدیہ جنوبی میں بغیر اجازت سڑکوں اور گلیوں کی کھدائی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوامی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے اوراگربلدیہ جنوبی میں پیپلزپارٹی کے چیئر مین نے کرپشن نہ روکی تو تحریک انصاف ڈی ایم سی ساؤتھ سے علیحدہ ہوجائے گی۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ بلدیہ جنوبی میں روڈ کٹنگ کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے اور کرپٹ افسران غیرقانونی روڈ کٹنگ کو نہیں روک رہے اور چالان ادا کئے بغیر کلفٹن میں نجی اداروں کو روڈ کٹنگ کی اجازت دی جارہی ہے اوریوں ضلع کو کروڑوں روپے سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لئے کلفٹن کا تکنیکی سروے کرایا جائے تاہم بلدیہ جنوبی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی کرپشن وبدعنوانی کی تحقیقات کے لئے نیب کو درخواست جمع کرائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات