حکمران کی پالیسوں نے کسانوں کو تباہ کر دیا ہے،پرویزالہی

حکومت پیکچ دینے کے بجائے غریبوں کو پیک کر رہی ہے، کالا باغ ڈیم بننے سے سب سے زیادہ پانی سندھ کو ملے گا اس کے بعد خیبر پختو نخواہ اور پھر پنجاب کو ملے گا موجودہ حکومت نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو،سابق وزیر اعلی پنجاب

اتوار 28 مئی 2017 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حکمران کی پالیسوں نے کسانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ 341 ارب میں سے صرف 20 ارب کسانوں کے لیے مختص کیا گیا، حکمران کسانون سے آکر پوچھیں کہ کسان کس حال میں رہ رہے ہیں۔ نواز شریف کی حکومت ہندوستان کے کسانوں کو خوشحال کر رہے ہیں، ہندوستان کے کسانوں کے لئے کھاد، بیج پاکستان کے مقابلے میں آدھی قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔

نواز حکومت ہندوستان کے کسانوں کو سبسڈی دے رہے ہیں نہ کہ پاکستان کے کسانوں کو دے رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پیکچ دینے کے بجائے غریبوں کو پیک کر رہی ہے۔ حکومت غریبوں، کسانوں اور پاکستانی عوام سے فراڈ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے 4 سالوں میں بھاشاڈیم کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔

(جاری ہے)

ق لیگ کے دور میں 70 ارب لگائے گئے اس کے بعد 1 روپیہ بھی نہیں لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں کچھی کینال آدھی بن چکی تھی مگر اس کے بعد اس پر کام سست روی سے ہو رہا ہے۔ تونسہ بیراج سے پانی میں اضافہ ہوتا ہے۔ تونسہ سے ہی کچھی کینال نکلتی ہے۔ پاکستان کا 9 بلین ڈالر پانی میں چلا جاتا ہے۔ پاکستان کے دیہاتوں میں پانی کم ہو رہا ہے۔ قیمتی پانی منصوبوں کے کام آتا ہے مگر نواز حکومت اس سلسلے میں کچھ اقدام نہیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بننے سے سب سے زیادہ پانی سندھ کو ملے گا اس کے بعد خیبر پختو نخواہ اور پھر پنجاب کو ملے گا۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کو اور نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کو ہیرو بناتے رہے ہیں اور ملک میں غریبوں کے لئے 1 روپے کا بھی کام نہیں کرواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قرضے لے کر ساری قوم کو قرضوں میں جھکڑدیا ہے۔ شہباز شریف نے پنجاب میں 21 ارب کی لاگت سے بیرون ملک سے لیب تاپ منگوائے انہوں نے کہا کہ اتنے روپے میں پاکستان میں لیپ تاپ کی فیکٹری لگ سکتی تھی اور بے روز گار افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو لوڈ شیدنگ اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ آج ہر پاکستان کا شہری اور بچہ 1 لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کم از کم تنخواہ 18 ہزار کرنے کا بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ ہمارے دور میں 46 ارب ڈالر کا قرض تھا اور موجودہ حکومت کے دور میں بڑھ کر 71 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ (وقاص)