کمشنر لاہورکامختلف رمضان بازاروں کا دورہ،اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں، دستیابی اور فراہمی کا جائزہ لیا

تمام ڈی سی اوز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ منڈیوں میں صبح کی نیلامی کو مزید موثر طریقے سے مانیٹر کریں،اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے لاہور ڈویژن میں پرائس چیکنگ میکانزم کو نہایت فعال کیا جا چکا ہے‘عبدالله خان سنبل

اتوار 28 مئی 2017 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے شادمان رمضان بازار، اسلام پورہ رمضان بازار اور شرقپور ضلع شیخوپورہ رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں، دستیابی اور فراہمی کو چیک کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کے ہمراہ سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس نے بھی شادمان رمضان بازار کا دورہ کیا۔

کمشنر لاہور نے اپنے دورے کے دوران رمضان بازاروں سے خریداری کرکے باہر آنے والے خریداروں سے بھی بات چیت کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے رمضان بازاروں میں سبسڈائزڈ آئٹم، ہول سیل ریٹ پر فروخت کی جانے والی اشیاء اور باقی تمام اشیائے خوردونوش ، سبزیوں اور پھلوں کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی سی اوز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ منڈیوں میں صبح کی نیلامی کو مزید موثر طریقے سے مانیٹر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے لاہور ڈویژن میں پرائس چیکنگ میکانزم کو نہایت فعال کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کرنے والوں کی بہت بڑی تعداد کو دیکھ کر رمضان بازاروں کی افادیت و اہمیت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا پورا اہتمام کر لیا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں موجود اشیاء پورا دن فروخت کے لیے وافر مقدار میں موجود رہیں گی اور ان کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ خریداروں کے لیے پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مختلف رمضان بازاروں میں شکایات رجسٹر کو خصوصی طور پر چیک کرنے کے علاوہ وہاں پر آٹا، چینی ، گوشت کی فروخت اور معیار کو خصوصی طور پر چیک کیا۔ انہوں نے اپنے دورہ کے دوران اشیاء کے ناپ تول کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے عام مارکیٹ اور منڈیوں اور بازاروں پر بھی کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ پوری لاہور ڈویژن میں پرائس مجسٹریٹس نے آج اہم مارکیٹوں اور بازاروں کو چیک کیا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کرایا ہے۔

متعلقہ عنوان :