قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل، آئندہ انتخابات بھی مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی،چار سالہ دور میں شفافیت ، محنت، امانت او ردیانت کی تاریخ رقم ہوئی ہے ،مسلم لیگ( ن) کی حکومت کو تاریخی کامیابیاں ملی ہیں،دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار او رکرپشن کا بازار گرم کئے رکھا، دھرنے دیکر ترقی و خوشحالی کیخلاف ناپاک سازش اور لاک ڈاؤن کے ذریعے پھر ملک کو ترقی کے ٹریک سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی، توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2018ء کے اوائل میں بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے، ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے مشن کو پورا کریں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو

اتوار 28 مئی 2017 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اتوار کو یہاںراولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے ملاقات کی-وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، شاہدخاقان عباسی ، شیخ آفتاب احمد،مریم اورنگزیب، ایم این اے حمزہ شہباز اوردیگراراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھی-ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں ، عوام کی فلاح و بہبودکے پروگراموں ، کسان پیکیج ، گندم خریداری مہم ، خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ، امن عامہ اور دیگر فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا -وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت صدق دل سے ملک و قوم کی ترقی کے لئے کوشاں ہیںاور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے عوام دوست، فلاحی و ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے جس سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوامی مشکلات میں کمی ہو گی-انہوںنے کہا کہ شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے اور حکومت ترقیاتی و معاشی انقلاب کے روڈ میپ پر عمل پیرا ہی- توانائی کے منصوبے وقت مقررہ سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں،جن سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان ،رینجرز، پولیس اور شہریوںکی قربانیوں سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے اورملک امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور ہماری ہر سوچ کا محورو مرکز عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانا ہے۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ راولپنڈی میں تعلیم ، صحت ،ذرائع مواصلات کی سہولیات کی فراہمی ، امن و امان ، ٹریفک کی بہتری کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات میں اضافے کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔وزیر اعلی نے راولپنڈی میںسیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹس کیلئے رقوم رکھی گئی ہیں اوریہ منصوبے راولپنڈی ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد ، بہالپور اور گوجرانوالہ میںشروع کئے جائیں گی-انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور صوبے میں 318 سستے رمضان بازار وں کے لئے 9 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا گیا ہے - کھادکی قیمتوں میں کمی ، بلا سود قرضوں سے چھوٹے کاشتکاروںکوبے حد فائدہ حاصل ہواہے۔

پاکستان کی 70 سالہ میں پہلی مرتبہ قومی منصوبوں سے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور پیسے بچا کر تعلیم صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوںپر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرزہسپتالوںمیں نئی سٹی سکین مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اعلی معیار کی ادویات مہیا کی گئی ہیں۔وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج اس امر کے شاہد ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عوام وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے عوامی نمائندوں اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنماوں سے کہا کہ وہ قومی قیادت کی توقعات کے مطابق کسی سیاسی محاذ آرائی میں الجھنے کے بجائے اپنی توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری چار سالہ کارکردگی سب پر عیاں ہے اور یہ ہماری کامیابی بین ثبوت ہے کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی کامیاب معاشی قوتوں میں کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے صرف 22ماہ کی مدت میں بجلی کی پیداوار شروع کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اورمنصوبے کے دوسرے پلانٹ کے ٹرائل کا آغاز ہوگیاہی-10جون تک مزید 660میگا واٹ بجلی حاصل ہونے سے یہ پراجیکٹ مجموعی طو رپر 1320میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا-انہوںنے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو آگے بڑھایاہی-انہوںنے کہا کہ دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار او رکرپشن کا بازار گرم کئے رکھا-انہوںنے کہا کہ دھرنے دے کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ناپاک سازش کی گئی اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ایک بار پھر ملک کو ترقی کے ٹریک سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی-انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور با شعور عوام کی حمایت سے دھرنا گروپ کی سازشیں بری طرح ناکام رہیں -انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری میں روکاوٹیں نہ کھڑی کی جاتیں تو آج پاکستان میں ترقی کی رفتار موجود شرح سے کہیں زیادہ ہوتی-انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے گڈگورننس اور ترقی کے جو معیار قائم کئے ہیں، ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیںاور آج چار سالہ دور میں شفافیت ، محنت، امانت او ردیانت کی تاریخ رقم ہوئی ہے اوراللہ تعالی کے فضل وکرم سے مسلم لیگ( ن) کی حکومت کو تاریخی کامیابیاں ملی ہیں-شفافیت، محنت اور دیانت کے معیار جو وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت نے مقرر کئے ہیں وہ رول ماڈ ل بن چکے ہیں -انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے اربوں روپے کے وسائل بچا کر اربوں روپے کے وسائل پیدا کئے ہیں - عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی نہیں بھولتے بلکہ انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں - انہوںنے کہا کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدل دے گااور یہ منصوبہ حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو ا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل ہے -وزیراعلی نے منتخب نمائند وں پر زور دیا کہ عوامی خدمت میں کوئی کمی نہ آنے دیں اور فلاح و بہبود و تعمیر وترقی کے منصوبے بلا تاخیر مکمل کرنے میں قومی تعمیر کے محکموں سے رابطے میں رہیں تاکہ ترقی کے ثمرات شہریوں تک پہنچنے میں کوئی تاخیر نہ ہو اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ صوبے میں ہمہ جہت اور پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 2018ء کے اوائل میں ملک سے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے مشن کی تکمیل کریں گے اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کامیابی حاصل کرے گی۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سیکورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

وفاقی وزرا ، صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی نے صوبائی بجٹ اور علاقائی مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں ۔ انہوںنے اس موقع پر صوبائی حکومت کی اعلی کارکردگی اورخصوصا قومی منصوبوں میں بچت ، کفایت شعاری اور شفافیت پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، راجہ اشفاق سرور، چوہدری شیر علی،جہانگیر خانزادہ ، اراکین قومی اسمبلی ملک ابرار احمد ، طاہرہ اورنگزیب ، سیما ء جیلانی،آسیہ ناز تنولی، سردار ممتاز خان ٹمن ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما محمد حنیف عباسی، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ، حاجی عمر فاروق ، راجہ محمد حنیف ، شاویز خان، راجہ محمد علی ، افتخار احمد ملک ، افتخار وارثی، شوکت عزیز بھٹی ، انجینئر قمر الاسلام راجہ ، چوہدری سرفراز افضل ، ظفر اقبال ،راحیلہ یحیی منور ، ظل ہما ، زیب النساء اعوان ، تحسین فواد، لبنی ریحان، ثوبیہ انور ستی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ ،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید ، آئی پولیس پنجاب عثمان خٹک اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔