وزیراعلیٰ پنجاب کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت

بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے ، بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے آزادی کے عزم و حوصلے کو مزید بڑھا یا ہے، عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں بنتا،عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم پر بیدار ہونا پڑے گا،شہباز شریف

اتوار 28 مئی 2017 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بدترین ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میںمذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے بھارتی افواج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے اوربھارتی فوج کی بدترین ریاستی دہشت گردی انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کرنے سے بھارت کامکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے - انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔

بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے آزادی کے عزم و حوصلے کو مزید بڑھا یا ہے۔انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم پر بیدار ہونا پڑے گااور عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں بنتا -انہوںنے کہا کہ بھارتی ظلم و بربریت کے خاتمے کے لئے عالمی برادری کو اپنا فوری اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔