کے پی کے حکومت کی چار سالہ کارکردگی نواز لیگ کی تیس سالہ کارکردگی سے کہیں بہتر ہے‘میاں اسلم اقبال

پنجاب کی پولیس آج بھی مجرموں کی سرپرست، کے پی کے پولیس اپنے عوام کی محافظ بن چکی ہے ،انتظامیہ آزاد اور خودمختار، پنجاب میں شریفوں کی غلام ہے‘سعد رفیق کے بیان پر رعمل

اتوار 28 مئی 2017 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) تحریک انصاف نے کہاکہ نواز حکومت کے وزیروں کی مت ماری جاچکی اور انکی آنکھوں پر پردے پڑ چکے ہیں، پختونخوا حکومت کی چار سالہ کارکردگی نواز لیگ کی تیس سالہ کارکردگی سے کہیں بہتر ہے۔ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہاکہ وزیر ریلوے کی ذہنی حالت درست ہو تو وہ پختونخوا اور پنجاب کے موازنے سے پہلے ضرور سوچیں۔

کے پی کے اسی کی دہائی سے مسلسل ایک عالمی جنگ کی لپیٹ میں رہا ہے جبکہ پچھلے تقریبا سترہ سال سے پختونخوا کے گیارہ اضلاع عملی طور پر جنگ کی لپیٹ میں رہے او رتقریبا تین دہائیوں میں صوبے کا انفراسٹرکچر، سماجی و انتظامی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہوا۔

(جاری ہے)

دونوں بڑی جماعتوں اور انکے حلیفوں کی حکومتوں نے کرپشن اور لوٹ مار کر کے رہی سہی کسر بھی نکال دی۔

میاں اسلم اقبال نے کہاکہ پنجاب کے عوام کی بدقسمتی کہ انکا پالا کسی جنگ سے نہیں چوروں کے ایک بے رحم ٹولے سے پڑاہے ۔ان تیس برس میں علی بابا اور اسکے چالیس چوروں نے اس پنجاب اور وفاق کو بیدردی سے لوٹااورانہی چالیس چوروں میں سے کوئی لاہور، کوئی اسلام آباد اور کوئی پشاور میں بیٹھ کر پختونخوا حکومت پر کیچڑ اچھالتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کے پی کے یہ 4 سال پاکستان کی تاریخ کے بہترین سال ہیں۔

پنجاب کی پولیس آج بھی مجرموں کی سرپرست جبکہ پختونخوا پولیس اپنے عوام کی محافظ بن چکی ہے اور کے پی کے میں بچے سکول جاتے ہیں جبکہ پنجاب میں افلاس مٹانے کیلئے نونہال جبری مشقت پر مجبور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پختونخوا میں انتظامیہ آزاد اور خودمختار، پنجاب میں شریفوں کی غلام ہے۔ سعد رفیق کو ادھر ادھر کے بھاشنوں کی بجائے اپنی وزارت کی شرمناک کرکردگی کا جواب دینا چاہیے ۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سعد رفیق کی ریلوے کا سالانہ خسارہ تو کم نہیں ہوا البتہ اس نے حادثات میں شہریوں کی جانیں ضائع کرنے کا ایک ریکارڈ ضرور قائم کیا۔وزیر اعظم کے بعد ان کے وزیروں کے احتساب کا مرحلہ ہے ۔آئندہ انتخابات میں چالیس چوروں کے اس ٹولے کو سرچھپانے کی جگہ بھی میسر نہیں آئے گی۔

متعلقہ عنوان :