وزیراعظم نواز شریف نے میری درخواست پر سیالکوٹ پسرور روڈ کی تعمیرو کشادگی کی منظوری دی تھی جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں حکومت پاکستان نے 96شاہرات بنانے کی منظوری دی ہے جس میں سیالکوٹ پسرور روڈ بھی شامل ہے ، آئیندہ مالی سال کے دوران پسرور میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ بھی ہمیشہ کیلئے حل کردیا جائے گا ، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 28 مئی 2017 18:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے ان کی درخواست پر سیالکوٹ پسرور روڈ کی تعمیرو کشادگی کی منظوری دی تھی جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں حکومت پاکستان نے 96شاہرات بنانے کی منظوری دی ہے جس میں سیالکوٹ پسرور روڈ بھی شامل ہے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ سڑک دورویہ تعمیر ہوگی جبکہ راستے میں آنے والے دیہات اور قصبوں میں نکاسی آب کے نالے بنانے کے ساتھ ساتھ وال ٹو وال ٹف ٹائل لگائی جائے گی اور اسے نیشنل ہائی وے اتھارٹی بنائے گی انہوں نے بتایا کہ دورویہ سڑک کی تعمیر پر 3ارب40کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ حکومت نی3ارب کے فنڈز جاری کردیئے ہیں انہوں نے بتایا کہ پسرور تا ڈسکہ اور پسرور تا نارووال کارپٹ روڈز کے فنڈز بھی جاری کردیئے گئے ہیں اورایک ہفتہ کے اندر ان سڑکوں کے ٹینڈرز جاری کردیئے جائیں گے وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پسرور شہر کے لیئے 28کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیئے گئے ہیں جن سے نکاسی آب کا مسئلہ حل ہوگا اور سڑکوں اور گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئیندہ مالی سال کے دوران پسرور میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ بھی ہمیشہ کے لیئے حل کردیا جائے گا وفاقی وزیر نے بتایا کہ حلقہ ایم اے 114میں دیہات کو سوئی گیس فراہم کرنے کے لیئے مزید 75کلومیٹرز گیس پائپ منظور ہوچکا ہے جبکہ ٹھروہ منڈی میں 250بیڈز کا نواز شریف ہسپتال بنایا جائے گا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر کے صاحبزادے علی زاہد خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی معیاری اور بروقت تعمیر یقینی بنائی جائے گی اور اگر کسی ٹھیکیدار نے غیر معیاری کام کیا تو اس کے بلز کی ادائیگی روک دی جائے گی اور اسے بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے علی زاہد خان نے بتایا کہ تحصیل پسرور کو ملک کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا ۔