ماجو میں گلوبل کنسورشیم میٹز کے اشتراک سے انکوبییشن سینٹر قائم کیا جائے گا

اتوار 28 مئی 2017 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی اور کلاوڈ بیسڈ سلوشن فراہم کرنے والے گلوبل کنسورشیم پارٹنرز آرگنائیزیشن میٹز (MATZ) کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں میٹز گروپ کی شراکت سے محمد علی جناح یونیورسٹی میں ایک ٹیکنالوجی انکوبیشن سینٹر قائم کیا جائے گاجہاں یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ خصو صی طور پر کمپیو ٹنگ اور انجینئرنگ کے طلبہ کو ہائی ٹیک ٹیکنالوجی پر کام کرنے کے مواقع حاصل ہوسکیں گے۔

محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے اس مفاہمتی یاداشت پر دستخط پر اپنی مسُرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو نیورسٹیز کا تعلق قومی اور عالمی سطح پر پراجیکٹس کی رونمائی کرنا اورایسی پراڈکٹس پیش کرنا ہوتا ہے جس سے عوام الناس کو فائیدہ پہنچ سکے اس لئے ما جو میں انکوبیشن سینٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی میٹز کے ساتھ اس شراکت کے بعد اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ اسٹاف کے افراد بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے لئے عوام الناس کے لئے ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کے ذریعے کام کرتے ہوئے تحقیقی کام کرکے عملی حل بھی پیش کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکوبیشن سینٹر کے قیام سے ہمیں صنعتی شعبہ کے قریب آنے کا بھی موقع مل سکے گا اور ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کے مسائل کے دور رس اور فوری حل پیش کرسکیں گے اور ان کو کاروبار کے لئے فنّی معلومات بھی فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے زندگی میں بھی تبدیلی آسکتی ہے۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ میٹز گروپ کو دفتر کی جگہ ، لیب کی سہولت ، انٹرنشپ اور اسٹاف کے اخراجات کی ذمہ داری ماجو کی ہوگی جبکہ وہ مقامی اور انٹر نیشنل مارکیٹ کے لئے کام کرنے کے ذمہ دار ہونگے،انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے جو بھی آمدنی ہوگی اخراجات نکالنے کے بعد ہونے والے آمدنی میں ماجو بھی حصہ دار ہوگی۔