چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کورنگی زون یوسی 28مدینہ کالونی کی وسیع آبادی کے مکینوں کوسیوریج مسائل سے چھٹکارہ دلا دیا

اتوار 28 مئی 2017 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاہے کہ کراچی کی درست سمت میں تعمیر وترقی کراچی کے منتخب عوامی نمائندے ہی کرسکتے ہیں ایم کیو ایم کے پاس عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ٹیم موجود ہے انشا اللہ عوام کے تعاون سے شہر کو سنواریں گے اور شہرکے گلی کوچوں میں عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی سید احمر علی کے ہمراہ یونین کمیٹی 28مدینہ کالونی کورنگی میں بلدیہ کورنگی کی جانب سے ناکارہ و بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے بعد نئی سیوریج لائنوںکی تنصیب کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹی28کے چیئر مین شکیل احمد میو،ایس معین اور دیگر منتخب نمائندوں کے علاوہ سپر ٹینڈنگ انجینئربلدیہ کورنگی طارق مغل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ اگر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر مامور ادارے نیک نیتی اور سچے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں تو شہر کو مسائل سے پاک اور عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارہ دلایا جاسکتا ہے ،فراہمی و نکاسی آب ضلعی بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام نہ ہونے کے باوجود بلدیہ کورنگی نے عوامی کاز کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کورنگی کی حدود میںیونین کمیٹیز کی سطح پر سیوریج کے بڑھتے ہوئے مسائل اور عوام کو تکالیف سے نکالنے کے لئے سیوریج کی ناکارہ اور بوسیدہ لائنوںکو تبدیل کر کے نئی لائنوں کی تنصیب کے کاموں کا آغاز کردیا الحمدکواللہ ضلع کو رنگی کی یوسی 28مدینہ کالونی میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے بعد سیوریج سسٹم کو درست کرلیا گیا ہے جس سے وسیع آبادیوں کے مکینوں کو ریلیف حاصل ہوگا۔