صوبائی حکومت نے پورے کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیاہے‘وقار مہدی

جو میئر عباسی شہید اسپتال کی حالت کو بہتر نہ بنا سکے وہ کراچی کی کیا خدمت کرسکے گا‘ جلسے سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پورے کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے اور ان ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے کراچی کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ شب گلستان جوہر قلندرآباد میں بجلی کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر منعقد ہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی پی پی کے رہنما پرویز آرائیں کے الیکٹرک ریجنل چیف ارشد افتخار، جی ایم محترمہ تبسم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وقار مہدی نے قلندر آباد کو بجلی کی فراہمی پر کے الیکٹرک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے کراچی میں 10 ارب سے زائد کے بڑے منصوبے زیر تکمیل ہیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ان منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں تاکہ یہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہوسکیں اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف مخالفت برائے مخالفت کرتے ہیں ان کے پاس کوئی دلیل نہیں ہے ۔ میئر کراچی کا اختیارات کیلئے واویلا کرنا صرف چور مچائے شور کے مترادف ہے جو میئر عباسی شہید اسپتال کی حالت زار کو بہتر نہ بنا سکے وہ پورے کراچی کی کیا خدمت کرے گا آج عباسی شہید اسپتال کی صورتحال ناگفتہ بہ کردی گئی ہے اس کے مقابلے میں سندھ گورنمنٹ کی ڈسپنریز بہتر انداز میں کام کررہی ہیں ۔

انہوں نے کے الیکٹرک کے حکام سے کہا کہ وہ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں اپنی کارکردگی کو بہتر کریں ۔کراچی کے شہری 12,12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے گزر رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی اور اسکا حصول بھی مشکل ہورہا ہے۔ انہوں نے بجلی کی فراہمی پر قلندرآباد کے عوام کو مبارکباد اور وہاں کے دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :