28 مئی کو کامیاب ایٹمی دھماکوں کی بدولت آج پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)

اتوار 28 مئی 2017 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) مسلم لیگ نون سندھ کے رہنمائوں علی اکبرگجر، رانا احسان حاجی چن زیب اور خواجہ طارق نذیرنے کہاہے کہ 28 مئی 1998 کو کامیاب ایٹمی دھماکوں کی بدولت آج پاکستان نہ صرف مستحکم ہے بلکہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔

(جاری ہے)

یوم تکبیرکے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان رہنماں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت نے پوری دنیا کا مقابلہ کرتے ہوئے 28 مئی 1998 کو کامیاب ایٹمی دھماکہ کیا جس کی وجہ سے آج ہم ایٹمی قوت ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دشمن ملک چاہتے ہوئے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

مقررین نے کہا کہ رب کریم کی جانب سے ہمیں سی پیک کی صورت میں ایک خفیہ خزانہ ملا ہے اور ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ہی سی پیک محفوظ ہے جبکہ ملک کی معیشت بھی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پہلے ایٹمی قوت بننا انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی وجہ سے سی پیک کی حفاظت بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں صدیوں میں ترقی کرتی ہیں لیکن اب وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان سی پیک کے حوالے سے بہت جلد ترقی کر ے گا۔