رمضان المبارک سیکیورٹی/ٹریفک کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد تمام تر ترجیحات کو پیش نظر رکھ کر یقینی بنایا جائے ، آئی جی سندھ

اتوار 28 مئی 2017 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سیکیورٹی/ٹریفک کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد تمام تر ترجیحات کو پیش نظر رکھ کر یقینی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق اتوار کو سینٹرل پولیس آفس سے جاری اپنے ایک بیان میں آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رینڈم اسنیپ چیکنگ حکمت عملی اور لائحہ عمل کو انتہائی ٹھوس اور مربوط بنایاجائے ۔

باالخصوص تین گھنٹے روزانہ اسنیپ چیکنگ کی جائے۔ مساجد،امام بارگاہوں، نمازتروایح کے دیگر کھلے مقامات پر خصوصی سیکیورٹی فوکس رکھا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ پکٹنگ پیٹرولنگ علاقہ ریکی نگرانی اور اسنیپ چیکنگ کے دوران نا صرف باہمی روابط بلکہ تھانہ ٹو تھانہ رابطوںکو بھی مضبوط کیا جائے ۔

(جاری ہے)

سحری اور افطار سے قبل تا تراویح کے اختتام تک سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات غیرمعمولی بنائے جائیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ٹریفک پولیس افسران اورجوان افطار سے قبل ٹریفک کی روانی اور سڑکوں پر ٹریفک دباؤ کم رکھنے کے حوالے سے خصوصی انتظامات یقینی بنائیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ترقیاتی کام کیوجہ سے متاثرہ سڑکوں / روٹس کے لیئے متبادل راستوں اور انکی تشہیر کو یقینی بنایا جائے ۔تمام ایس ایچ اوز اور سیکشن افسران ٹریفک تفویض کردہ ذمہ داریوں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سیکیورٹی/ٹریفک کے جملہ اقدامات اپنی اپنی نگرانی میں یقینی بنائیں گے ۔