Live Updates

رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے کراچی الیکٹرک کے دعوے ہوا میں تحلیل ہوگئے

رمضان کی پہلی تراویح اور سحری کے موقع پربجلی بند ہونے پر سیاسی اوردینی جماعتوں کے علاوہ عام شہریوں نے شدید احتجاج کیا

اتوار 28 مئی 2017 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے کراچی الیکٹرک کے دعوے ہوا میں تحلیل ہوگئے ،رمضان کی پہلی تراویح اور سحری کے موقع پربجلی بند ہونے پر سیاسی اوردینی جماعتوں کے علاوہ عام شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ کے الیکٹرک کی جانب سے رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے غلط ثابت ہوئے اورکراچی کے بیشترعلاقے اندھیروں میں ڈوبے رہے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے اورنگی ٹان، بلدیہ ٹان اوراطراف کے علاقے جبکہ کورنگی، لاندھی لیاقت آباد،ناظم آباد،ایف بی ایریا، محمودآباد،منظور کالونی ،گلشن اقبال،گلستان جوہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم رہے۔

لانڈھی اور شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ میں بھی کئی گھنٹے بجلی غائب رہی جبکہ اولڈ سٹی ایریا، جمشید ٹاون اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی سحری اور نماز فجر کے اوقات میں بجلی کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔ گلشن اقبال ،نارتھ ناظم آباد ، اورنگی ٹاون، لیاقت آباد ، کھارادر،کیماڑی،شاہ فیصل کالونی، ملیر، ایئرپورٹ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہونے کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں روزہ رکھا۔

کراچی میں غیراعلانیہ طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ پرتحریک انصاف کے خرم شیرزمان ، جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن ، جے یوآئی سندھ کے اسلم غوری اورجے یوپی قاضی احمد نورانی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات