ویمن پروٹیکشن بل پاس ہونے سے خواتین کو ہراساں کرنے ، گھریلو تشدد، مار پیٹ اور جنسی زیادتی کے رجحانات میں کمی آئی ‘ خلیل طاہر سندھو

پاکستان ، خصوصاً پنجاب میں تعلیم اور آگاہی میں میڈیا کے بھر پور کردار کی وجہ سے انسانی حقوق کا احساس بڑھ رہا ہے ‘صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور

اتوار 28 مئی 2017 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت انسانی حقوق کی حفاظت کے لئے تمام قانونی و انتظامی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، ویمن پروٹیکشن بل پاس ہونے کے بعد خواتین کو ہراساں کرنے ، تنگ کرنے ، گھریلو تشدد، مار پیٹ اور جنسی زیادتی جیسے رجحانات میں کمی دیکھنے کو آئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والی ہالینڈ کی پاکستان میں سفیر مس جینیٹ سپن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مس جینیٹ نے تفصیل کے ساتھ پنجاب میں انسانی حقوق اور اقلیتوں کی صورتحال پر صوبائی وزیر کے ساتھ تبادلہء خیال کیا ۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پوری دنیا کے انسانوں میں انسانی حقوق کے حوالے سے حساسیت اور شعور میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان خصوصاً پنجاب میں تعلیم اور آگاہی میں میڈیا کے بھر پور کردار کی وجہ سے انسانی حقوق کا احساس بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں میں ان کے بنیادی حقوق سے متعلق مکمل آگاہی پیدا کرنا اور ان کا تحفظ یقینی بنانا، مذہبی اقلیتوں کے انسانی حقوق کی حفاظت اور معاشرے میں برابری ، یکجہتی، امن اور ہم آہنگی کو یقینی بنانا ان کے محکمے کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

اس مقصد کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے یونیورسٹیوں اور سرکاری و نجی اداروں میں ہر سال کروڑوں روپے سے مہم چلائی جاتی ہے ۔ انسانی حقوق کی ترویج کیلئے ٹیلی وژن اور اخبارات کے ذریعے بھی عوام میں شعور پیدا کیا جاتا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق پر عمل درآمد کیلئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسانی حقوق کا قیا م عمل میں لایا گیا ہے اور ان امور کو مستعدی سے انجام دینے کیلئے فیڈ بیک ڈیش بورڈ کی تشکیل دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہ خود بھی جیل خانوں ، ہسپتالوں اور خشت بھٹوںکے اچانک دورے کرتے ہیں جبکہ محکمہ کے افسران کا جیل خانوں کے دورے اور معائنے کیلئے طریق کار بھی وضع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ کو جیل خانوں کی اصلاحات کیلئے مختلف سفارشات بھیجی گئی ہیں۔ پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر نے پاکستان میںانسانی حقوق کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرنے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہالینڈ کی حکومت انسانی حقوق کے شعبے میں پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :