Live Updates

عمران خان کے خلاف بیان بازی کرنے والے وزراء پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ‘عبدالعلیم خان

نواز لیگ کا اصل نام" ناکام لیگ "ہے، اپنی بے بسی کا رونا رونے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کا جواب دیں ‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

اتوار 28 مئی 2017 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف بیان بازی کرنے والے خواجہ سعد رفیق اور دیگر وفاقی وزراء کو پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے اور 4برسوں کے بعد بھی اپنی مظلومیت اور بے بسی کا رونا رونے کی بجائے لوڈ شیڈنگ سمیت قوم کو اپنی ناکامی کی وجوہات بتانی چاہئیں عبدالعلیم خان نے رمضان المبارک کے حوالے سے حلقہ این ای122کے مرکزی دفتر گڑھی شاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کی جتنی تیز زبان چلتی ہے کاش وہ ریلوے کی ٹرین کو بھی اتنا تیز کر سکتے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا اصل نام ناکام لیگ بن چکا ہے کیونکہ نواز شریف اینڈکمپنی1983 سے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں لیکن صوبہ پنجاب دن بدن نیچے کی طرف جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ، پنجاب کی وزارت اعلیٰ اور درجنوں وزارتیں رکھنے والے آج عوام کو نئے لارے لگا رہے ہیں لیکن اب ان کا کوئی ڈھکوسلا کامیاب نہیں ہو گا اور عوام نواز لیگ کو بری طرح مسترد کر دیں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مینڈیٹ ہی دو نمبر ہے اور وزیر اعظم کے علاوہ سپیکر قومی اسمبلی بھی جعلی طریقے سے اپنی سیٹوں پر براجمان ہیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جب بھی صاف اور شفاف الیکشن ہوا تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے رمضا ن المبارک کے آغاز پر این ای122کے مرکزی دفتر گڑھی شاہو میںلوگوں میں رمضان گفٹس اور راشن بیگ تقسیم کیے انہوں نے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میںشریک ہونے کا موقع دیتا ہے بالخصوص معاشرے کے کم وسائل رکھنے والے طبقے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی برکتوں سے ہم سب کو زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیے اس موقع پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام راشن بیگ تقسیم کیے گئے جن میں ایم پی اے شعیب صدیقی ، سابق ایم پی ا ے آجا سم شریف اور بریگیڈئیر خالد بشیر نے حصہ لیا جبکہ بڑی تعداد میں آئے ہوئے خواتین و حضرات نے ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی راشن کی تقسیم کو کار خیر قرار دیا اور اس کے روح رواں عبدالعلیم خان کو ڈھیروں دعائیں دیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات