چیف سیکرٹری کی سپیشل افراد کیلئے قائم کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت

ہسپتالوںمیں بین الاقوامی معیار کی ادویات خریدی گئی ہیں، بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنرز کو حکم

اتوار 28 مئی 2017 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء)چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ریٹائرڈ) زاہد سعید نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سپیشل افراد کے ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور انکی شکایات کے ازالہ کیلئے ضلع کی سطح پر قائم کمیٹیوں کو مزید فعال کیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت بصارت سے محروم سمیت دیگر سپیشل افراد کو معاشرے میں قابل احترام مقام دلانے اور انہیں مفید شہری بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معذور افراد کی بحالی کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی اور ملازمتوں میں ان کا کوٹہ دو سے بڑھا کر تین فیصد کیا گیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپیشل افراد کیلئے ضلع کی سطح پر قائم کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیںتاکہ انکی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوںمیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بین الاقوامی معیار کی ادویات خریدی گئی ہیں، ادویات کی پروکیورمنٹ کے سلسلے میں بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ادویات، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات میں غفلت پر کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں ۔انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں ڈینگی اور پولیو کا خطرہ موجود ہے وہاں ڈینگی اور پولیو کے خلاف مہم کو تیز کیا جائے، ڈینگی اور پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے قومی جذبے سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ اور چنیوٹ کی تعریف کی اور گندم خریداری مہم کو کامیاب بنانے پر محکمہ خوراک کے افسران اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔