مانچسٹر میں دہشت گردی کا حملہ نہایت افسوس ناک ہے،چودھری محمد یٰسین

ْچند انتہاء پسندوں نے مسلمانوں کو یرغمال بنا کررکھا ہے ،بم دھماکے والی جگہ پر پھول چڑھائے

اتوار 28 مئی 2017 15:51

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف وپاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ مانچسٹر میں ہونیوالا دہشت گردی کا حملہ نہایت افسوس ناک ہے ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ دہشت گردی مانچسٹر میں ہو یا مقبوضہ کشمیر میں ناقابل قبول ہے ۔

ہماری ہمدردیاں اس سانحہ میں جاں بحق ہونیو الوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے یہاں بم دھماکے والی جگہ پر پھول چڑھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مانچسٹر کے متاثرین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کررہے ہیں ، انتہا پسندوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ، چند انتہاء پسندوں نے مسلمانوں کو یرغمال بنا کررکھا ہے ۔ ان انتہا پسندوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہورہاہے، عالمی برادری اس کا نوٹس لے ، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی دہشتگردی سے 13افراد شہید ہوئے۔ رمضان المبارک کے آغاز پر ہی بھارتی فوج نے مظالم کی نئی تاریخ رقم کردی ہے ۔ 13نوجوان شہید اور 100سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ، الیکٹرانک ، پرنٹ اور اب انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی گئی ہے ، اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی برادری ان مظالم کا فوری نوٹس لے، رمضان کے آغاز پر ہی خون کی ہولی کھیلی گئی ، بھارتی سیکولرازم کا پردہ چاک ہوچکا ہے ، حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیرفوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی اس نئی لہر کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز پر ہی بھارتی حکومت جو خون کی ہولی کھیل رہی ہے ، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر تو رہے گا لیکن کشمیری عوام نہییں رہیں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر فوری طور پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلائیں اور اسی طرح پاکستان کی اسمبلی اور سینٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر مقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک کے مہینے میں ہونے والی دہشتگردی کی اس نئی لہر کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے میڈیا پر مکمل پابندی عائد کر کے وہاں کے حالات کو باہر آنے سے روکدیا ، جس سے مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے مظالم کی خبریں باہر کی دنیاتک نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری مقبوضہ وادی کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں قابض بھارتی افواج خون کی ہولی کھیل رہی ہیں ۔ ہم او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ماہ مقدس کے مہینے میں وہاں پر خون کی ہولی کو بند کرانے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھجوایاجائے، انہوں نے تمام اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر زور ڈالیں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر کو بند کرے ۔

متعلقہ عنوان :