مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، بارہ نوجوانوں کی شہادت بڑا انسانی المیہ ہے ‘لیاقت بلوچ

عالمی برادری ، عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں ، کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی

اتوار 28 مئی 2017 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، بارہ نوجوانوں کی شہادت بڑا انسانی المیہ ہے ، عالمی برادری ، عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں ۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی ۔

بھارت کو ظلم کا حساب دیناہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ملت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر قیمت پر سیاسی ، اخلاقی انسانی مدد جاری رکھے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیرخزانہ اسحق ڈار کا چھٹا بجٹ پیش کرنے کا دعویٰ تکبر ہے۔ پہلے پانچویں بجٹ میں اعداد و شمار کے جھوٹ ، بے روزگاری ، مہنگائی اور قومی معیشت کی زبوں حالی کا جواب دیں ۔

(جاری ہے)

قرض اور سود کی معیشت قومی وجود کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گیاہے ۔

حکومت قومی بجٹ میں انقلابی اقدامات اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے موثر نظام دینے میں ناکام رہی ہے۔ دریں اثنا اپنی رہائش گاہ پر یکم رمضان کی تراویح کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کریم ماہ انقلاب اسلامی ہے اور اللہ کی آخری کتاب قیامت تک کے انسانوں کے لیے کتاب ہدایت ہے ۔ اسلام مکمل ضابطہ حیات اور دین متین ہے ۔ انسانوں کے دکھوں غموں اور نفرتوں کا علاج قرآن و سنت کے پیغام اور احکامات پر عمل کرنے میں ہے۔