وفاقی بجٹ میں کی گئی ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، جس سے تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہو گا‘ڈاکٹر مراد راس

اتوار 28 مئی 2017 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ عوام الناس ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کی لہر سے نبرد آزما تھے کہ وفاقی حکومت کے بجٹ نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا ہے وفاقی بجٹ میں کی گئی ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، جس سے تنخواہ دار طبقہ زیادہ متاثر ہو گا کیونکہ ان کی تنخواہوں میں محض دس فیصد اضافہ کر کے انہیں مہنگائی کے جن کے آگے پھینک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اعلانات کے برعکس فی الحال عوام کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی کہیں سے بھی ہلکا سا ریلیف ملتا محسوس نہیں ہو رہا۔ جس کی وجہ سے عوام کا پارہ مزید بلند ہو رہا ہے۔ تاجروں اور دکانداروں نے دونوں ہاتھوں سے اس ماہ میں عوام کو لوٹنے کے لئے عام اشیاء کے نرخ میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے اور پنجاب حکومت کی گڈگورننس کہیں نظر نہیں آ رہی۔ ان حالات میں حکمران اگر غریب پرور بجٹ پیش کرتے، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے مزید سخت اقدامات کرتے تو رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کا احساس ہوتا مگر حکومت ایسے اقدامات سے قاصر نظر آتی ہے۔

متعلقہ عنوان :