نویں جماعت کی طالبہ کو چھت سے دھکا دینے کا معاملہ ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنغمانہ ارشاد،سکول ٹیچرز معطل

اتوار 28 مئی 2017 15:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) حکومت پنجاب نے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گرلزہائی سکول فیکٹری ایریاشاہدرہ لاہور کی نویں کلاس کی طالبہ فجر نور ولد محمد اکبر کومار پیٹ اور چھت سے دھکا دینے کے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن لاہور احسان ملک جن کے پاس چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے عہدے کا اضافی چارج بھی ہے ۔

طیبہ بٹ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(سیکنڈری ایجوکیشن)، نغمانہ ارشاداور مار پیٹ میں ملوث ٹیچرز ریحانہ کوثر و بشریٰ طفیل کو معطل کر دیا ہے۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور سپیشل سیکرٹری رانا حسن اختر خان معاملے کا پتہ چلتے ہی ہسپتال پہنچ گئے ۔ انہوں نے طالبہ کی عیادت کی اور ان سے معاملے کی تفصیلات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے متاثرہ طالبہ کے والدین کو یقین دلایا کہ اس معاملے کی مکمل محکمانہ تحقیقات کی جائیں گی اور واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اس معاملے کی ابتدائی چھان بین کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ احسان ملک ، طیبہ بٹ اور نغمانہ ارشاد نے یہ معاملہ اعلیٰ حکام سے خفیہ رکھا جس کا فوری نوٹس لے لیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری سکولز اور سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فجر نور کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انہیں حکومتی خرچے پر علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں تا کہ متاثرہ طالبہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جلد از جلد شروع کر سکے۔

متعلقہ عنوان :