مقبوضہ کشمیر میں کمانڈرسبزار احمد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

نماز جنازہ سات بار ادا کی گئی

اتوار 28 مئی 2017 15:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میںضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ہزاروں لوگوں نے کرفیو اور پابندیوں کی پروا کیے بغیر حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد بٹ اور ان کے ساتھی فیضان احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سخت پابندیوں اور بھاری تعداد میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعینانی کے باوجود مختلف علاقوں سے کرشماتی کمانڈر برہان وانی کے قریبی ساتھی سبزار احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ترال پہنچے۔

سبزار احمد کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں اپنے آبائی گائوں رٹھسونہ ترال میں سپرد خاک کیا گیا۔سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں بھی حزب المجاہدین کے کمانڈر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جہاں نماز جنازہ کے بعد پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی سبزار احمد بٹ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

سبزار احمد کے ساتھی سولہ سالہ فیضان احمد کی نماز جنازہ ہفتے کی شام دارالعلوم روڈ ترال میں ادا کی گئی تھی۔ شہید نوجوان کے آخری دیدار کے لیے ہزاروں لوگوں نے ترال کا رخ کیاجبکہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اس موقع پر لوگوںسے خطاب کیا (جو قابض انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود یہاں پہنچے میں کامیاب ہوئے تھی)۔

اس دوران مقامی مساجدسے اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے جارہے تھے ۔والدین کے اکلوتے بیٹے فیضان احمد کوعید گاہ ترال میں شہید برہان وانی کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔ بھارتی فوج نے سبزار اور فیضان کوہفتے کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے سیموہ ترال میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھالیکن آزاد زرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے انہیں پہلے گرفتار کیا اور بعدمیں دوران حراست شہید کیا۔

متعلقہ عنوان :