مئی پوری اسلامی دنیا کی تاریخ مین منفرد دن ہے

ملکی مفاد میں میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے ،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

اتوار 28 مئی 2017 15:00

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ آج نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں بلکہ پوری اسلامی دنیا کی تاریخ مین منفرد دن ہے جس میں پاکستان اسلامی ممالک کا پہلا اور دنیا بھر کے ممالک کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا 28مئی کا دن اس لئے بھی اہمیت کا دن ہے کہ ملکی مفاد میں میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے اور دنیا کے دبائو کو مسترد کیا اور یہ پیغام دیا کہ ہماری قوم دفاع پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم تکبیر کے دن کے حوالے سے اپنی رہائش گاہ پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمیٹی اٹک کے چئیر مین ناصر محمود شیخ بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں1965اور1971میں بھارت نے جارحیت کی تھی آج پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمارے ملک کی طرف آنکھ اٹھانے کی جسارت نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں نہ صرف دہشت گردی کی اپنی جنگ لڑی بلکہ یہ جنگ دنیا کے تحفظ کیلئے بھی تھی افواج پاکستا ن اور دیگر فورسز کی جانی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔