بھارت کی دہشتگردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے ‘مولانا عبدالعزیزعلوی

کشمیریوں نے قربانیاں پیش کرکے تحریک آزادی کو جس موڑ پر پہنچا دیا ہے دنیا کو اس کی توقع نہیں تھی

اتوار 28 مئی 2017 14:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) چیئرمین تحریک آزادی جموں کشمیر مولاناعبدالعزیزعلوی حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزاراحمد،عادل ،فیضان اور رام پورہ اڑی میں شہید ہونے والے افراد کو دل کی عمیق گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کی دہشتگردی دن بدن بڑھتی جارہی ہے ۔امریکہ اس کی پشت پناہی کررہاہے ۔

عالمی طاقتوں کے دوہرے معیارخطے میں تباہی کاعندیہ ہیں ۔عالمی عدالتیںمتعصبانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت سے شہید ہونے والے نوجوان پاکستان کے محسن ہیں۔ کشمیری نوجوان تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی قربانیوںکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

کشمیریوں نے قربانیاں پیش کرکے تحریک آزادی کو جس موڑ پر پہنچا دیا ہے دنیا کو اس کی توقع نہیں تھی۔ یہ زبردست موقع ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کا کھل کر ساتھ دے۔ اگر پاکستان نے کسی دبائو کا شکار ہو کر مظلوم بھائیوں کا ساتھ نہ دیا تواللہ کی ناراضگی کے سبب وہ خود بھی مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکے گا۔مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عالمی اداروں میں اس مسئلہ کو اٹھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔ کشمیریوں کی معاشی ناکہ بندی اور تمامتر ظلم وستم کے باوجود تحریک آزادی کودن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ کشمیر ی عوام بھارتی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہیں۔عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی کشمیر میں جاری قتل عام پر خاموشی دہرے معیار کی عکاس ہے۔

پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا وکیل ہے مگر ہمارے حکمران مطلوبہ کردار ادا کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔ اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جہاں آپ کا خون گرے گاوہاں ہمارا خون گرے گا۔ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔

بھارت نے اپنا ہر حربہ آزما کر دیکھ لیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے عزم میں کمی نہیں آ سکی۔کشمیر کی آزادی میں ہی پاکستان کی سلامتی کا راز مضمر ہے انڈیا ریاستی واقتصادی دہشت گردی کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر پرزیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا۔رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں او رسعادتوں والامہینہ ہے۔ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے عقائد و اعمال کی اصلاح کرے۔

غرباء و مساکین کی دل کھول کر مدد کریں، قرآن پاک سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں۔روزے کا اصل مقصد بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں بلکہ تقوی کا حصول ہے، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی والے کاموں کو ترک کیاجائے۔ زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفارکرنے کو اپنا معمول بنایاجائے اور ملک و ملت کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں ومظلوم مسلمانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

متعلقہ عنوان :