خون کے ایک ایک قطرے سے مزید برہان اور سبزار پیدا ہونگے‘شبیر احمد شاہ

کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جو بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ، تاریخ انہیں سنہری حروف میں یاد رکھے گی بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے

اتوار 28 مئی 2017 14:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمد اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دیگر افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے سے مزید برہان اور سبزار پیدا ہونگے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے سبزار احمد اور ان کے دو دیگر ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا یہ عظیم مجاہدین ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جو بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ، تاریخ انہیں سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر بشیر احمد شاہ، منظور احمد خان، محمد شفیع لون اور دیگر پر مشتمل فریڈم پارٹی کے ایک وفدنے ترال جا کر مجاہدین کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سبزار احمد بٹ اور اٴْن کے ساتھیوں شہید فیضان اور شہید عادل کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادتیں قوم کے جذبہ مزاحمت کو غیر متزلزل بناتی ہیں۔

انہوںنے ترال میںپر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے شہید مولوی عاقب احمد اور زخمیوں کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔حریت رہنما ئوں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر،امحمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وار ، ماسٹر محمد مقبول نے اپنے مشترکہ بیان میں شہید سبزار احمد ،شہید فیضان احمد اور شہید عادل احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے ترال میں فورسز کی طرف سے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔ اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے بھی ایک بیان میں کمانڈر سبزار احمد اور ان کے ساتھی مجاہد ین فیضان احمد اور عادل احمداور اوڑی ، رامپورہ میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے سیکریٹری جنرل وجاہت بشیر قریشی نے سبزار احمد اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان شہادت کے منصب پر فائز ہوکر ہم پر ذمہ داریوںکا عظیم بوجھ ڈال گئے ہیں اور ہم ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے پابند ہیں۔

پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمدرمضان خان نے سبزار احمد اور شہید ہونے والے دیگر افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری نوجوان بھارتی غلامی سے آزادی دلانے کیلئے ایک مقدس لڑائی میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور کشمیریوں کو ان پر فخر ہے۔جموںوکشمیر حزب المجاہدین نے اپنے اعلیٰ کمانڈر سبزار احمد بٹ اور ن کے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روان جدوجہد میں شہید کمانڈر اور انکے ساتھیوں کے کردار کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

بیان میں کہا گیا کہ گو کہ سبزار احمداور دیگر کی جدائی حزب کیلئے درد ناک ہے تاہم انہوں نے اپنے مقصد کو پا لیااور شہادت کے ایک عظیم رتبے پر فائر ہو گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ خون کے ایک ایک قطرے سے مزید برہان اور سبزار پیدا ہونگے۔ حریت رہنمائوں ظفر اکبر بٹ، فردوس احمد شاہ، محمد یاسین عطائی، زمرودہ حبیب ، فریدہ بہن جی کے علاوہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی سبزار احمد اور دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :