نواز شریف جھوٹے الزامات کو مسترد کرنے کے لئے قانونی اداروں کے سامنے پیش ہو رہے ہیں، مریم اورنگزیب

حسین نواز نے جے آئی ٹی میں خود پیش ہو کر تاریخ رقم کی ،گفتگو

اتوار 28 مئی 2017 13:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قانونی بیساکھی لئے بغیر پہلے دن سے تمام سوالات کے جواب دے دیئے ہیں ملک میں پہلی مرتبہ حسین نواز نے جے آئی ٹی میں خود پیش ہو کر تاریخ رقم کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو تھوڑا انتظار کرنا چاہئے کیونکہ سپریم کورٹ نے پیر کو طلب کر رکھا ہے لیکن جے آئی ٹی کے 24 گھنٹے کے نوٹس پر حسین نواز فوری طور پر جوڈیشل اکیڈمی میں سوالوں کے جواب دینے کے لئے پہنچے ہیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ استثنیٰ اور قانونی سہارا لینے کے بغیر وزیر اعظم نواز شریف جھوٹے الزامات کو مسترد کرنے کے لئے قانونی اداروں کے سامنے پیش ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حسین نواز نے جوڈیشل اکیڈمی میں پہنچ کر کرپشن کے خلاف تاریخ رقم کی ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں ۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اگر حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے تو ان کا کتنا بڑا نقصان ہو جانا تھا ۔ نعیم الحق نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے اب سپریم کورٹ میں بیگم کلثوم نواز اور نواز شریف کے چہیتے وزراء خواجہ آصف اور چودھری نثار کو بھی پیش ہونا چاہئے کیونکہ انہوں نے بھی 92 اور 93 میں فلیٹ خریدنے کے بیان دیئے ہیں ۔

نعیم الحق نے کہا کہ یہ ایک فوجداری کارروائی ہے اور اس میں حسین نواز نے ہر حالت میں پیش ہونا تھا ۔ پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا کہ حسین نواز نے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ کر کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا ہے اور آج بھی جب حسین نواز اتنے بڑے مجمے کے ہمراہ پہنچے ہیں تو یہ ایک پریشتر بلٹ کرنا تھا ۔ ماضی میں بھی مسلم لیگ( ن) کے سپریم کورٹ پر حملے کوئی ڈھکے چھپے نہیں ہیں پوری قوم اچھی طرح جانتی ہے اب یہ عوام کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں ۔ (جاوید)