مقبوضہ کشمیر : مجاہد کمانڈر سبزار احمداور دیگر کی شہادت پر مکمل ہڑتال

مقبوضہ وادی میں حالات کشیدہ، سرینگر اور دیگر قصبوں میں کرفیو اور سخت پابندیاں، حریت رہنما نظر بند

اتوار 28 مئی 2017 13:41

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزار احمدسمیت 12افراد کی شہادت پر مکمل ہڑتال کی گئی ۔سرینگرسمیت تمام بڑے قصبوں میں بازار اور کاروباری ادارے مکمل طور پر بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے سبزار احمد کو اپنے دو ساتھیوں سمیت ضلع پلوامہ کے علاقے سیموہ ترال میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوںنے سبزار احمد اور انکے ساتھیوں کو پہلے گرفتارکیا اور بعد میں دوران حراست شہیدکیا۔بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں رامپور اور اوڑی میں آٹھ نوجوانوں کو پرتشدد کاروائیوں کے دوران جبکہ ایک شہری کو پلوامہ کے علاقے سیموہ میں مظاہرین پر فائرنگ کرکے شہید کیا۔

(جاری ہے)

اتوار اور پیر کو دو روزہ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعط عمر فاروق احمد محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔

مزاحمتی قیادت نے منگل کو ترال کی طرف مارچ کی کال بھی دی ہے جہاںشہداء کی یاد میں ایک عظیم الشان عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ سبزار احمد کی شہادت پر مقبوضہ وادی میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرینگر اور دیگر قصبوںمیں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے کرفیو اور سخت پابندیاں نافذ کردی ہیں۔ انٹرنیٹ سروس بھی دوبارہ سے معطل کردی گئی ہے تاکہ لوگ تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات فراہم نہ کرسکیں ۔

قابض انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی 22ویب سائیٹس ایک ماہ تک بند رکھنے کے بعد جمعہ کے روز بحال کر دی تھیں۔ دریں اثناء کٹھ پتلی انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کو احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں میں نظر بند کر دیا ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی پہلے سے سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پرنظر بند ہیں۔

متعلقہ عنوان :