سابق صدر آصف علی زرداری کی رمضان المبارک کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کومبارکباد

رمضان المبارک کا مہینہ روزے رکھنے اور رحمتوں کا مہینہ ہے،یہ موقع اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کا ہے،ہر معاشرہ ہر دور میں کسی نہ کسی برائی کا شکار رہا،ہمارے دور کی برائی عسکریت پسندی، بنیاد پرستی اور مذہبی انتہاپسندی ہے،تمام پاکستانی ان برائیوں کے خلاف آخری وقت تک جنگ کریں،آصف علی زرادی کا بیان

ہفتہ 27 مئی 2017 23:12

سابق صدر  آصف علی زرداری کی رمضان المبارک کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کومبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اس مبارک مہینے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے طلبگار ہوں۔ہفتہ کو انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کا یہ مہینہ روزے رکھنے اور رحمتوں کا مہینہ ہے جس میں مسلمان روزہ رکھتے ہیں اور تمام برے کاموں سے اجتناب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں تمام مسلمان بھائی بہنوں کو بالعموم اور پاکستانیوں کو بالخصوص مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کا ہے اور خود کو اللہ تعالیٰ کی رضا پر چھوڑ دینے کاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر معاشرہ ہر دور میں کسی نہ کسی برائی کا شکار رہا ہے اور ہمارے دور کی برائی عسکریت پسندی، بنیاد پرستی اور مذہبی انتہاپسندی ہے۔

انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ان برائیوں کے خلاف آخری وقت تک جنگ کریں۔ انہوں نے ساری دنیا کے لئے ا من کی دعا کی۔ آصف علی زرداری نے یہ دعا بھی کی کہ اللہ تعالیٰ ہم پر رحمتیں نازل فرمائے اور ہماری دنیا کو دہشتگردی سے نجات دے۔ اور تہذیبوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے ہماری مدد فرمائے تاکہ مستقل میں ہمارے بچے پرامن دنیا میں پرامن زندگی گزار سکیں۔