لاہور،رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا انتہائی معزز و محترم مہمان مہینہ اپنے ساتھ اللہ کی رحمتوں ، مغفرتوں اور جہنم سے آزادی کے پروانے لے کر آتاہے، سراج الحق

ہفتہ 27 مئی 2017 22:23

لاہور،رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا انتہائی معزز و محترم مہمان مہینہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کے نام رمضان کے اپنے پیغام میں کہاہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا انتہائی معزز و محترم مہمان مہینہ ہے جو اپنے ساتھ اللہ کی رحمتوں ، مغفرتوں اور جہنم سے آزادی کے پروانے لے کر آتاہے ۔ رمضان کا اصل مقصد خوف خدا اور خدمت خلق کے ذریعے تقویٰ کا حصول ہے اس لیے لازم ہے کہ ہم نیکیوں کے اس موسم بہار میں تنگ دستوں اور بیوائوں ، یتیموں ، مسکینوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ کی جی بھر کر خدمت اور دل کھول کر مدد کریں ۔

اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں ۔قرآن عظیم الشان سے تعلق کو مضبوط کریں اور اس عہد کو اپنے دلوں میں دوبارہ زندہ و پائندہ کریں کہ ہم پاکستان کو اسلامی و خوشحال ملک بنانے کے لیے یہاں قرآن کا نظام نافذ کریںگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک سے کرپشن ، بددیانتی ، ظلم و جبر کا خاتمہ اور ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ عین دینی فریضہ ہے ۔ قوم کو اس فرض کی تکمیل کے لیے ایک بار پھر تحریک پاکستان (1947) کے جذبہ سے اٹھنا ہوگا تاکہ ستر سال سے ملکی اقتدار اور عوام کی گردنوں پر سوار سامراجی قوتوں کے آلہ کاروں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے ہمیں اسی رمضان سے کمر بستہ ہوجاناچاہیے ۔