کوئٹہ، رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے یوم ترک تمباکو نوشی پر سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 27 مئی 2017 22:18

کو ئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے زیراہتمام رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے یوم ترک تمباکو نوشی پر سیمنار کا اہتمام کیا گیا، سیمینار فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں ہسپتال انتظامیہ، لیڈی ڈاکٹرز سٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھرپور شرکت کی، پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے صوبائی صدر ڈاکٹر عبدالجبار اچکزئی نے صدارت کے فرائض سر انجام دیئے جبکہ ہسپتال کے آر ایم او ڈاکٹر شاہنواز مہمان خصوصی تھے، سینئر پلمونولوجسٹ ڈاکٹر مقبول احمد لانگو نے تفصیل کے ساتھ تمباکو نوشی کے نقصانات جن میں صحت کی بربادی ، رقم کا ضیاع، ماحول کی خرابی او رمعاشرے میں پھیلنے والی خرابیوں کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کس طرح تمباکو نوشی تمام انسانی اعضاء اور خصوصاً دل اور سینہ کے اعضاء کو بری طرح متاثر کرتی ہے، فاطمہ جناح ہسپتال کے آر ایم اور ڈاکٹر شاہنواز نے تمباکو نوشی کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ترک تمباکو نوشی کے حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے صوبائی صدر عبدالجبار اچکزئی نے تمام حاضرین، پرنٹ والیکٹرک میڈیا کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ لوگوں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام اداروں اور خصوصی طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے سے ذمہ داریوں کا ذکر کیا جس میں خاص طور پر پبلک مقامات ریلوے اسٹیشن، بس سٹاپ، ایئرپورٹ اور خصوصاً ہسپتالوں میں تمباکو نوشء پر پابندی کے نفاذ کا ذکر کیا۔

ساتھ ہی ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نوجوان نسل پر گہری نظررکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ضیاء الدین نے سیمینار کو سمیٹتے ہوئے تمام لوگوں کے تعاون کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان چیسٹ سوسائٹی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ایسے آگہی پروگراموں کا انعقاد کرتی رہے گی اور ایک بھرپور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :