شفیق موڑ پر 14 کروڑ روپے کی لاگت سے شفیق موڑ پل کی توسیع منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی، وسیم اختر

ہفتہ 27 مئی 2017 22:15

شفیق موڑ پر 14 کروڑ روپے کی لاگت سے شفیق موڑ پل کی توسیع منصوبہ مکمل ہونے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ شفیق موڑ پر 14 کروڑ روپے کی لاگت سے شفیق موڑ پل کی توسیع منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو ریلیف ملے گا، کراچی میں ڈیڑھ سو سے زائد بلند و بالا عمارت کے لئے اجازت نامے دیئے گئے ہیں جنہیں اس وقت تک منسوخ کیا جائے جب تک کراچی میں پانی، سیوریج، سڑکیں اور انفراسٹرکچر بہتر نہ ہوجائے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ہائی رائز بلڈنگ کو روکنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اس پر سختی سے عمل ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے شفیق موڑ پل شاہ والی اللہ روڈ کے توسیع منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئرڈائریکٹر میونسل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے کراچی کے لوگوں کا مجاز عجیب ہوگیا ہے اور وہ سڑکوں پر الٹا چلنے لگے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ حادثات میں بھی بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے ، سڑکوں پر قائم تجاوزات ہٹائی جارہی ہیں اور آج بھی اسٹیڈیم روڈ سے ملینیم مال تک تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی ہاکس بے روڈ پر سے بھی تجاوزات کو ہٹایا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ 2014 میں شفیق موڑ کی توسیع کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن بعض وجوہ کی بنا پر اس کی تعمیر مکمل ہونے میں تاخیر ہوئی، لیکن اب یہ شہریوں کیلئے کھولا جارہا ہے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور نے بتایا کہ اس پل کو بائیں جانب 51 میٹر اور دائیں جانب 33 میٹر تک توسیع دی گئی ہے جبکہ نالے پر 10میٹر کی حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی ہے، انہوںنے بتایا کہ اس پل سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں گزرتی ہیں فیڈرل بی ایریا اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا واقع ہونے کے باعث ہیوی ٹریفک کی بھی اس پل گزرنا رہتا ہے جبکہ سہراب گوٹھ، گلشن اقبال، نیو کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹائون اور ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں جانے کیلئے شہری اس پل کو استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں یہ پل ٹریفک کی گزرگاہ ہے میئرکراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے پاس اختیارات اور فنڈز محدود ہیں مگر اس کے باوجود عوام کے مسئلوں کو حل کررہے ہیں کراچی کی عوام نے ہمیں اپنے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا ہے ہم کسی بھی صورت انہیں مایوس نہیں ہونے دیں گے ، اگر بلدیاتی اداروں کو فنڈز فراہم کئے جائیں تو گزشتہ آٹھ سال کے وہ مسائل بھی حل کردیں گے جس کے باعث کراچی مسائل کا گڑھ بناہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :