رائے ونڈ ،نواز شریف فارم کی ملحقہ یوسی مانک کی آبادی واڑہ سدھو والا سیوریج کے ناقص انتظامات کے باعث کیچڑ اور دلدل کی آماجگاہ بن گئی

گلیوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل میں جمع رہنے سے عام شہریوں کا گزرنا محال

ہفتہ 27 مئی 2017 22:12

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2017ء) نواز شریف فارم کی ملحقہ یوسی مانک کی آبادی واڑہ سدھو والا سیوریج کے ناقص انتظامات کے باعث کیچڑ اور دلدل کی آماجگاہ بن گئی ،گلیوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل میں جمع رہنے سے عام شہریوں کا گزرنا محال ہوچکا ہے ،نمازی حضرات کے کپڑے پلید پانی کے چھینٹوں سے پاکیزہ نہ رہے ،بچوں کو سکول آنے اور جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،آبادی کے ستائے ہوئے عوام نے مسلم لیگی نمائندوں کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آکر تحریک انصاف کے حلقہ رہنماء سینئر نائب صدر ضلع لاہور چودھری خالد محمود گجر کو مسئلہ حل کرنے کیلئے علاقہ کا دورہ کروایا ،اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء چودھری خالد گجر نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ واڑہ سدھو کی تمام گلیوں کا تفصیلی دورہ کیا ،کسی بھی گلی میں عام شہریوں کے صاف ستھرا ہوکر گزرنے کی گنجائش موجود نہیں تھی ،اہلیان علاقہ نے دورہ کے دوران مقامی مسلم لیگی چیئرمین چودھری اشرف اور وائس چیئرمین چودھری ریاست سندھو کیخلاف سخت نعرے بازی کی اور کہا کہ الیکشن کے وقت دونوں نے علاقہ واڑہ سدھو والا کو ماڈل بنانے کے وعدوں پر ان سے ووٹ لئے ،مگر حقیقت یہ ہے کہ یہاں آج تک ایک پیسے کا ترقیاتی کام نہیں ہوا ،دونوں منتخب لیگی چیئرمینوں کو سوائے اپنے کاروباری کاموں کے علاوہ دوسرا کوئی کام نہیں ،دونوں نمائندے اپنی پرائیوئٹ ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانے میں مصروف ہیں،جبکہ ان کی یوسی کے عوام چار سال سے جانوروں سے بدترزندگی گزار رہے ہیں ،اور بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے ،انہوں نے کہا کہ حلقہ کے منتخب ممبران اسمبلی نے بھی واڑہ سدھو والا کے سینکڑوں ووٹروں کو لاوارث سمجھ رکھاہے اور کبھی ادھر آنے کا نہیں سوچا ،حلقہ بھر میں ترقیاتی کاموں پر کروڑوں خرچ کئے جارہے ہیں مگر پسماندہ علاقے واڑہ سدھو والا کے عوام سے امتیازی سلوک سمجھ سے بالا تر ہے ،یہاں پر عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ،عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ واڑہ سدھو والا کے عوام آئندہ الیکشن میں اپنی محرومیوں کا بدلہ تحریک انصاف کو ووٹ دیکر اتاریں گے ،تحریک انصاف کے رہنماء چودھری خالد گجر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف فارم کے قریبی علاقہ واڑہ سدھو والا میں عوام کیچڑ اور دلدل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں تو دور دراز کے دوسرے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا اندازہ عوام بخوبی خود لگا سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نمائندوں کو سوائے لوٹ مار کے کچھ نہیں آتا ،عوام خواہ گندے پانی میں کیوں نہ ڈوب مریں ،ان کو صرف اقتدار کی پڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنے ادوار میں واڑہ سدھو والے کے عوام کو بنیادی سہولیات پہنچانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کو شکست نواز شریف فارم کے حلقہ سے دیں گے، تحریک انصاف اپنی جیت کا آغاز واڑہ سدھو والاسے کرے گی ۔