جنرل ہسپتال میں بغیر پرچی فیس طبی سہولیات کی فراہمی شروع، شہریوں نے مریض دوست اقدام قرار دیا

پرنسپل اور ایم ایس نے آئوٹ ڈور کے تمام شعبوں کا دورہ کرکے مریضوں سے پرچی فیس کی عدم وصولی کی تصدیق کی ہسپتال انتظامیہ بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے تمام افراد کو وزیر اعلی کی طرف سے فراہم کردہ سہولت کے بارے آگاہ کریں، پرنسپل

ہفتہ 27 مئی 2017 21:47

جنرل ہسپتال میں بغیر پرچی فیس طبی سہولیات کی فراہمی شروع، شہریوں نے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں گزشتہ روز ہفتے کی صبح سے مریضوں سے پرچی فیس کی وصولی بند کر دی گئی ہے اور ہسپتال میں لاہور اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مریضوں کو سو فیصد مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر غلام صابر نے آئوٹ ڈور کے تمام شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے اس سہولت کے بارے میں دریافت کیا ۔

ہسپتال میںگوجرانوالہ، قصور ، شیخوپورہ اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدام کو مریض دوست قرار دیتے ہوئے سراہا۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے وزیر اعلی کا ہیلتھ وژن شاندار منصوبہ ہے اس ہیلتھ وژن کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں میں ٹوکن فیس کے خاتمے سے غریب اور مستحق مریضوں میں یہ احساس بڑھا ہے کہ حکومت کو ان کے مالی مسائل کا پورا احساس ہے اور وہ عوام کو ہر ممکن طبی سہولیات بغیر کسی قسم کے اخراجات کے فراہم کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔

پرنسپل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے تمام افراد کو وزیر اعلی کی طرف سے فراہم کی گئی اس سہولت کے بارے آگاہ کریں تاکہ انہیں طبی سہولیات کے حصول میں آسانی میسر آئے۔