وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی یوم تکبیر کے تاریخ ساز موقع پر قوم کو مبارک باد

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا

ہفتہ 27 مئی 2017 20:57

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی یوم تکبیر کے تاریخ ساز موقع پر قوم کو مبارک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے تاریخ ساز موقع پرقوم کو مبارک باددی ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان 1998 میں آج ہی کے دن ایٹمی قوت بنااور28 مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے -یہ دن پاکستان کی تاریخ میں اہم سنگِ میل کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے فخر کا دن ہے۔ 28مئی قومی امنگوں کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے تمام تر دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایااور وزیر اعظم نواز شریف اب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا رہے ہیں -انہوںنے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ کے حصے میں آیاہے اورملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ (ن) کو ہی حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔ یومِ تکبیر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میںان بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔