وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی امن وامان کا اجلاس، رمضان کے دوران امن عامہ کے اقدامات کا جائزہ

مساجد،امام بارگاہوں، گرجاگھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں ،ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے، رمضان بازاروں،مارکیٹوں اوردیگر اہم مقامات کی سکیورٹی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے، وزیراعلیٰ شہبازشریف

ہفتہ 27 مئی 2017 20:46

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی امن وامان کا اجلاس، رمضان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ہفتہ کو یہاںمنعقد ہوا۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلی شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں اورامن عامہ کی فضاء یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے امن عامہ یقینی بنانے کیلئے جانفشانی اورمستعدی سے فرائض سرانجام دیں اورپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مساجد،امام بارگاہوں، گرجاگھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں،مارکیٹوں اوردیگر اہم مقامات کی سکیورٹی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو ملکر فعال اورمتحرک انداز میں ذمہ داری نبھانا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور کابینہ کمیٹی امن و امان اورسکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ،جہانگیر خانزادہ،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :