وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا جائزہ

سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی پائیدارترقی کا محور ہوگا،عوام کو حقیقی ریلیف دیں گے ، جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز رکھے جائینگے، جنوبی پنجاب کی خوشحالی کے بڑے پروگراموں پر عملدرآمد جاری رہے گا،تعلیم ،صحت،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اوردیگر سماجی شعبوں کیلئے مزید فنڈز رکھے جائیںگے،زرعی شعبے کی ترقی اور کسان کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے،وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 مئی 2017 20:46

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ہفتہ کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کی ترجیحات کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2017-18میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی پائیدارترقی کا محور ہوگااورعوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا جائے گا -انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے ریکارڈ فنڈز رکھے جائیںگے اور جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے بڑے پروگراموں پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گااورپسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، اسی لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے زیادہ وسائل مختص کریںگے۔

(جاری ہے)

تعلیم ،صحت،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اوردیگر سماجی شعبوں کیلئے مزید فنڈز رکھے جائیںگے۔

انہوںنے کہا کہ زراعت کی ترقی اور کاشتکار کی خوشحالی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خصوصی اقدامات کئے جائیںگے اور زرعی شعبے کی ترقی اور کسان کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں کارپٹڈسڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور آئندہ مالی سال میں بھی دیہی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ جاری رہے گا-انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل سے اربوں روپے کے وسائل بچائے گئے ہیںاور بچت کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائیں گے اوربچائے گئے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے -انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کو معیاری تعلیمی و طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے جسے ہر صورت پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگااورتمام وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جا رہے ہیں- انہوںنے کہا کہ فنڈ ز کے بروقت استعمال سے نہ صرف منصوبے مقررہ مدت میں مکمل بلکہ عوام بھی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی ترقی کا سفر تندہی اور محنت سے جاری رکھیں گے۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ،عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں سے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی-