رمضان المبارک:افسران سحر وافطار کے اوقات میں خود فیلڈ میں رہیں،سی سی پی اولاہور

مساجد وامام بارگاہوں کی نگرانی ایس پیزخود کریں،افطار ی اوقات میں ٹریفک کےبہاؤ میں خلل نہ آئے،اہم ٹاسک اعلیٰ افسران کےسپردکردیے۔سی سی پی اولاہورکیپٹن (ر)محمد امین وینس کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 مئی 2017 19:17

رمضان المبارک:افسران سحر وافطار کے اوقات میں خود فیلڈ میں رہیں،سی سی ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔27مئی2017ء) :کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہورایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس رمضان المبارک کے دوران فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کیلئے متحد ہے اور تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سحر وافطار کے اوقات میں خود فیلڈ میں رہے گے جبکہ افطار کے وقت ٹریفک کے بہاؤ میں خلل نہ آئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر معین، چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد، ایس ایس پی سی آر او عمران یعقوب، ایس پی سکیورٹی عبادت نثار، ایس پی سی آئی اے طارق مستوئی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاطف نذیر سمیت آپریشن و انویسٹی گیشن وِنگز کے تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر مزید کہا کہ ڈی آئی جی سے لے کر ایس ایس پی، ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز تک تمام افسران سے رمضان المبارک کے سلسلہ میں SOP کا ایک ایک پوائنٹ ڈِسکس بھی ہوچکا ہے اور SOP کی کاپی بھی بھجوادی گئی ہے۔ ایس پی حضرات مساجد و امام بارگاہوں کی نگرانی خود کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر ہر ڈویژن میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کئے جائیں۔

مساجد و امام بارگاہوں پر اسپیشل کمانڈوز کی روف ٹاپ ڈیوٹی لگائی جائے گی جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے CCTV کیمرے بھی مانیٹرنگ میں لاہور پولیس کی مدد کریں گے۔ انہوں نے ایس پیزحضرات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر پوائنٹ پر مامور اہلکار کو ڈیوٹی کی حساسیت بارے بریفنگ دی جائے۔ لاہور پولیس نے اس بار رمضان المبارک کے تینوں عشروں کا سکیورٹی پلان مختلف بنایا ہے جس میں پہلے اور دوسرے عشرے میں مساجد و امام بارگاہوں جبکہ تیسرے عشرے میں مارکیٹوں ، اعتکاف ودیگر حساس مقامات کا سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشر ف نے اس موقع پر کہا کہ آج رات سے نمازِ تراویح کیلئے ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ ڈولفن اور PRUکے جوان سحر و افطاری کے وقت خصوصی گشت کریں گے۔ شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈیوٹی پر مامور تمام جوانوں کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بریفنگ دے دی گئی ہے۔رضاکاروں کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔

مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ ملاقاتیں مکمل ہو چکی ہیں۔ ایس پی حضرات نے مساجد وا مام بارگاہوں سمیت مارکیٹوں کے صدور کے ساتھ مل کر سکیورٹی معاملات طے کر لئے ہیں۔ تمام ایس پیز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مساجد و امام بارگاہوں سمیت مارکیٹوں کے صدور سے سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کریں اور حالات کے مطابق نفری کو بریفنگ دیتے رہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو رمضان المبار ک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں ٹریفک کی بہترین سروس مہیا کریں۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ افطارکے وقت جلد بازی کی بجائے صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں ا ور اپنی سروس کیلئے سڑکوں پر سخت گرمی میں کھڑے ٹریفک وارڈنز کے ساتھ قوانین پر عملدرآمد کرکے تعاون کریں۔

رمضان المبارک میں تعینات تمام ٹریفک وارڈنزآپریشن پولیس کے متعلقہ ایس پی، ایس ڈی پی اوز او ر ایس ایچ اوز سے رابطہ میں رہیں گے تاکہ کسی بھی جگہ ٹریفک دباؤ کی صورت میں باہمی کوآرڈینیشن سے معاملات طے کئے جاسکیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر بھکاریوں،تجاوزات و رانگ پارکنگ کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
رمضان المبارک:افسران سحر وافطار کے اوقات میں خود فیلڈ میں رہیں،سی سی ..

متعلقہ عنوان :