حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کیا ،مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا ‘ذکراللہ مجاہد

وفاقی بجٹ اعدادوشمار کا ہیر پھیر ہے جس میں اشرافیہ کیلئے سب کچھ اور غربیوں کیلئے کچھ نہیں

ہفتہ 27 مئی 2017 19:27

حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کیا ،مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا ‘ذکراللہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کیا جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے وسطی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان کی تقریب میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، ملک شاہد اسلم ، حاجی ریاض الحسن ، شعیب یعقوب شاہد نوید ملک ، طیب صدیقی، ڈاکٹر اشرف، اشفاق حسین ، محمد احمد بٹ ، عمر شہباز و دیگر نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ و فاقی بجٹ اعدادوشمار کا ہیر پھیر ہے جس میں اشرافیہ کیلئے سب کچھ اور غربیوں کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ بجٹ میں گاڑیاں اور سمارٹ فون سستے کر کے امیروں کو ہی فائدہ پہنچایاگیا جبکہ غربیوں اور متوسط طبقات کیلئے موجودہ بجٹ میں مہنگائی و ٹیکسز کے بڑھنے کی نوید سنائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا بااثر امیر حکمران طبقہ بجٹ بناتے وقت صر ف اپنے مفادات کو مقدم رکھتا ہے جبکہ حکومت اور اس کی ٹیم 2013ء الیکشن سے قبل اور موجودہ چار سالہ دور حکومت میں رہتے ہوئے اپنے جھوٹے وعدوں اور دعوئوں سے قوم کو بیوقوف بنا رہی ہے اور حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی ، لاقانونیت اور بیروزگاری تحفے میں دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے ، غربت اور مہنگائی میں کمی اور تعلیم ، صحت اور روزگار کے شعبوں میں بہتری جیسے اہم مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم اس وقت مہنگائی ، بیروزگاری ، لوڈشیڈنگ ، غربت ، جہالت ، کرپشن ان ڈائریکٹ ٹیکسز ، میرٹ کی عدم دستیابی جیسے مسائل میں گرفتار ہو چکی ہے اور ان مسائل سے چھٹکارا اس وقت ممکن ہے جب ایوانوں بیٹھنے والے حکمران طبقہ ایماندار اور صالح ہوگا۔

متعلقہ عنوان :