ماہ مبارک کے دورا ن ہم رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حق دار بن جائیں گے، اسلام کے نظام عبادات میں شامل ہر عبادت انسان کی باطنی تطہیر کا ذریعہ بنتی ہے ، دعا ہے اللہ تعالیٰ مقدس مہینے کو ارض پاک ، ملت اسلامیہ اور پوری دنیا کے لیے امن و سلامتی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنا دے

صدر ممنون حسین کا رمضان المبارک کے آغاز پرقوم کے نام پیغام

ہفتہ 27 مئی 2017 19:12

ماہ مبارک کے دورا ن ہم رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حق دار بن جائیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) صدر ممنون حسین نے کہاہے کہ نیکیوں کے موسم بہار یعنی ماہ رمضان المبارک کی آمد پر میں پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں میں توقع کرتا ہوں کہ اس ماہ مبارک کے دورا ن ہم رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حق دار بن جائیں گے ، دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس مہینے کو ارض پاک ، ملت اسلامیہ اور پوری دنیا کے لیے امن و سلامتی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنا دے۔

رمضان المبارک کے آغاز پرقوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ اسلام کے نظام عبادات میں شامل ہر عبادت انسان کی باطنی تطہیر کا ذریعہ بنتی ہے لیکن نماز ،روزہ، حج اور زکواة سمیت ہر عبادت میں ایسے بے شمار ظاہری پہلو پائے جاتے ہیں جو معاشرے کی اجتماعی تربیت اور بہبود کے لئے مفید ہیں۔

(جاری ہے)

ان عبادات میں روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا کوئی ظاہری پہلو نہیں ہے ۔

اس کا تعلق براہ راست اللہ اور بندے سے ہے ۔ تربیت کا یہ نظام انسان کو اللہ کے قریب کر دیتا ہے جس کے اثرات اس تربیتی نظام کے دائرے سے نکل کر معاشرے کی اصلاح و ترقی کا ذریعہ بنتے ہیں ۔اس نظام کے تحت اللہ تعالیٰ انسان میں بے غرضی ، اخلاص اور نظم و ضبط کی کیفیات پیدا کرنا چاہتے ہیں اور یہی وہ طرز عمل ہے جو حرص و ہوس ، مادہ پرستی اور انتشار کے شکار معاشروں کی تہذیب اور ترقی کا ذریعہ بنتا ہے ۔

یہ ماہ مبارک ہمیں ایمان اور احتساب کے اسی جذبے کے ساتھ گزارنا ہے ۔ رحمتوں اوربرکتوں کے ان ایام میں کمزوروں، ضعیفوں اور ناداروں کی اس طرح مدد کرنی ہے کہ وہ مستقل طور پر اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں ۔ گمراہوں اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ راست پر لانے کی عملی کوشش کے ساتھ ان کے لئے دعا بھی کرنی ہے، جبکہ ملک و ملت کو انتشار اور بد امنی جیسے مسائل سے دو چار کرنے والے فتنہ پروروں کی سرکوبی کی جدو جہد میں مصروف وطن عزیز کے رکھوالوں کے لئے دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ان کی کوششوں میں برکت پیدا فرمائے ۔

میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس مہینے کو ارض پاک ، ملت اسلامیہ اور پوری دنیا کے لیے امن و سلامتی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنا دے ۔ آمین !