Live Updates

پختون، اسلام ، روٹی ،کپڑااور مکان کے نام پر عوام سے ووٹ حاصل کرنیوالوں نے عوام کے اعتماد کو مجروح کیا،محمدعاطف خان

عوام اب کرپٹ مافیا کے خلاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہوچکے ،لٹیروں سے قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائیگی ،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

ہفتہ 27 مئی 2017 18:52

پختون، اسلام ، روٹی ،کپڑااور مکان کے نام پر عوام سے ووٹ حاصل کرنیوالوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) صوبائی وزیر تعلیم وبرقیات اور پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پختون، اسلام ، روٹی ،کپڑااور مکان کے نام پر عوام سے ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کے اعتماد کو مجروح کیا اور اپنے منشور کو ایک طرف رکھ کر ہمیشہ ذاتی اور گروہی مفادات کی آبیاری کی اور عوامی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک اثاثے خریدے ۔

عوام اب کرپٹ مافیا کے خلاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہوچکے ہیں اور لٹیروں سے قوم کی لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی ۔وہ میر اکبر کلی اور بخشالی میں عام جلسوں سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر بخشالی سے تعلق رکھنے والے جے یوآئی (ف) کے کونسلر عادل خان اور میر اکبر کلی کے حاجی فیض اللہ نے درجنوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

جلسوں سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان نے بھی خطاب کیا ۔عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سرکاری محکموں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور ان کو عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا ،پولیس کو ظالموں کی حمایت سے روک کر مظلوم کا ساتھی بنا دیا ۔پرائیویٹ سود کے خلاف قانون سازی کی اور تعلیمی اداروں میں ناظرہ اور ترجمہ قرآن پاک کو لازمی قرار دے دیا جس کی اسلام کے نام لیواؤں کو اپنے حکومت میں توفیق نہیں ہوئی ۔

اسی طرح باچا خان کا نام لینے والوںنے ملازمتیں بیچی اور پختونوں کو دھماکوں اور کرپشن کے تحفے دئیے جبکہ ہماری حکومت نے عوام کو امن ،ترقی اور خوشحالی دی اوران کو پولیس اورپٹواری کی ریشہ دوانیوں سے نجات دلا دی ہے اور آج کسی کو شریف شہریوں کو تنگ کرنے کی جرا،ْت نہیں ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پی کے 30 کو ماضی میں بری طرح نظر انداز کیا گیا اور یہاں کے عوام کو ترقی اور خوشحالی سے محروم رکھا گیا تاہم ہماری حکومت نے اس حلقے میں ؂گذشتہ چار سال کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں اورمزید بڑے بڑے منصوبے زیرتکمیل ہیں ۔

صرف بجلی کی مد میں 25 کروڑ روپے کے منصوبے مکمل کیے گئے اور مزید دس کروڑ روپے بجلی کے لیے مختص کیے گئے ہیں جس سے اس حلقے کے عوام کو ریلیف ملے گا۔اُنہوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات