K-IV منصوبہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،سیدمراد علی شاہ

منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے پورے فنڈز رکھے جائیں گے ،پورے فنڈز مختص کرنے سے فائدہ تب ہوگا جب کام بھی وقت پرمکمل ہو،وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 27 مئی 2017 18:49

K-IV منصوبہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،سیدمراد علی شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ K-IV منصوبہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس لئے اس کو مکمل کرنے کے لئے پورے فنڈز رکھے جائیں گے اورپورے فنڈز مختص کرنے سے فائدہ تب ہوگا جب کام بھی وقت پرمکمل ہو۔ ان خیا لات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس میں محکمہ بلدیات ، محکمہ آبپاشی اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،محکمہ ثقافت ، محکمہ زکواة، محکمہ کھیل، محکمہ اقلیتی امور ، محکمہ لائیو اسٹاک ا ور دیگر اداروں کی اسکیموں کوسالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18 کو حتمی شکل دینے سے متعلق مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں صوبائی وزراء میر ہزار خان بجارانی ، جام خان شورو، ، فیاض بٹ ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات محمدوسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت ، سیکریٹری آبپاشی ،سیکریٹری بلدیات ، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، سیکریٹری ثقافت ، سیکریٹری زکواة، سیکریٹری کھیل ، سیکریٹری اقلیتی امور ، سیکریٹری لائیو اسٹاک ، ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی میں جاری اسکیموں سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈرگ روڈ پر انڈر پاس رمضان میں عید سے قبل مکمل ہو جائے گااورمنزل پمپ فلائی اوور جون کی آخر میں مکمل ہوجائے گا ،حسن اسکوائر سے نیپا تک روڈ تقریباً مکمل ہے اور جون میں مکمل ہو جائے گا جبکہ اسی سڑک کے یو -ٹرن پر کام ہو رہا ہے ،یونیورسٹی سے صفورہ جانے والا ٹریک تقریباً مکمل ہے جبکہ آنے والی سڑک پر کام ہو رہا ہے اور یہ اگست میں مکمل ہوجائے گا،صفورہ سے میمن اسپتال والا روڈجو 1.8 کلو میٹر ہے 10 جون تک مکمل ہو جائے گا ،حب ریور اور مدینةالحکمت روڈ 10جون کو مکمل ہو جائے گا ،شاہراہِ فیصل جون کے تیسرے ہفتے میں مکمل ہو جائے گا ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ جو جو سڑک مکمل ہوتی ہے اس پر لائٹننگ لگنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ شاہراہ قائدین سے کارساز تک کام جاری ہے ، اس پورشن کو اگلے دو ہفتوں میں مکمل دیکھنا چاہتا ہوں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے جام خان شورو کو ہدایت کی کہ لیاری ایکسپریس وے پر بھاری ٹریفک کو کھلوائیں تاکہ لیاری ایکسپریس وے شہر کی ٹریفک کی روانی کے لئے اچھا ثابت ہواورلیاری ایکسپریس وے جلد مکمل ہونا چاہئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو محکمہ آبپاشی کی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی کی 288جاری اسکیمیں ہیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ جمڑا ئو کی لائننگ کے باقی حصے مکمل کرنے ہیں اور روہڑی کینال کے باقی حصے کی لائننگ بھی مکمل کریں ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ مورناچی کا بند مکمل ہوگیا ہے ،جس پر وزیراعلیٰ سند ھ نے کہاکہ کینال کی لائننگ سے پانی کے نقصانات کم ہو جا تے ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ نئے مالی سال میں نوجوانوں کو کھیل کی بہتر سہولیات دینے کی کوشش کروں گا ، میں چاہتا ہوں کہ اچھے پرفارمنگ آرٹ کا انسٹیٹیوٹ قائم کریں ،ہم اس سلسلے میں کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لائیواسٹاک کی اسکیم نئے مالی سال کی تکمیل کا سال ہونا چاہئے اورجو بھی زیر تعمیر مویشی کالونیاں ہیں ان کو مکمل کرانے کے لئے پوری فنڈنگ دیں گے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ فشریز کی ترقی کی اسکیم بہت اہم ہیں، لائیو اسٹاک اور فشریز کی ترقی سے دیہی معیشت ترقی کرے گی اور عوام خوشحال ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :