وفاقی وزیر امور کشمیر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت

ظلم وتشدد سے بھارتی فوج کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی نہیں دباسکتی،محمد برجیس طاہر محمد نواز شریف نے انیس سال قبل ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ،آج معاشی طور سے ناقابل تسخیر بنارہے ہیں،بیان

ہفتہ 27 مئی 2017 18:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر کے علاقوں پلوامہ اور بارہ مولہ میں بھارتی فوج کی جانب سے دس سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جارحیت ،سفاکی اور تشدد کی راہ پر بھارت اور اس کی فوج گامزن ہے اس کے خطے کی سلامتی کیلئے بڑے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ستر سالوں سے بھارت ظلم وتشدد کی راہ پر چل رہا ہے اس کے منفی اثرات خود بھارت کے اندر واضح ہونا شروع ہوگئے ہیں،اور اس ظلم وتشدد کے نتیجے میں آج آزادی کی آوازیں بھارت کی جامعات سے بھی بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی کی صورتحال اور بھی نازک ہوچکی ہے اور کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب معصوم وبے گناہ کشمیریوں کا خون مقبوضہ کشمیر کی گلیوںاورسڑکوں پر نہ بہایا جاتا ہو،یا پھر اُن کی عزت نفس کومجروع نہ کیا جاتا ہو۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل اوسی کی اِس پار بھی بھارت اپنی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے اشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنارہا ہے انہوں نے کہا کہ باوجود اوچھے ہتھکنڈوں کے بھارت کے پاس مایوسی کے سوا کچھ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ دنیا کی اِس نام نہاد بڑی جمہوریت کو شرم آنی چاہیے کہ اِس نے آج انسانی حقوق کی تنظیموں کا مقبوضہ کشمیر میں داخلہ بند کررکھا ہے اور سوشل میڈیا پربھی مکمل پابندی لگارکھی ہے ،انہوں نے کہا کہ جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی سے بے خوف ہو کر اُن کے سامنے سبزہلالی پرچم لہراتے ہوں وہاں بھارت کیسے سوچ سکتا ہے کہ وہ پرتشدد کاروایوںسے کسی صورت میں پرامن تحریک آزادی کو دباسکتا ہے۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ moth eaten اور truncatedپاکستان کے خواب دیکھنے والے بھارت کے ہاتھ میں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ہے،اُنہوں نے کہا کہ آج سے ٹھیک 19سال قبل محمد نواز شریف نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے بدلے چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا جس کے تشکر میںآج پوری پاکستانی قوم یوم تکبیر منا رہی ہے اور تب سے آج تک بھارت اپنی درجنوں دھمکیوں کے باوجود پاکستان پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں کرسکا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے اب بھارت دہشتگردی جیسی کارروائی کوہو ادے رہا ہے،جس کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج بھارت خطے میں تنہا ہوچکا ہے اور اوبور اورپاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں کی صورت میں یہ خطہ ایک معاشی اکائی میں تبدیل ہونے جارہا ہے جس سے اس خطے کے اربوں افرادمستفید ہونگے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اوبور کانفرنس کا بائیکاٹ اور سی پیک منصوبے کیخلاف سازشیں اُس کی اُس جارحیت پسندانہ رویے کی عکاسی کرتی ہیں جس کے ذریعے وہ اس خطے کو پسماندہ رکھ کر اس پر اپنا غلبہ قائم کرنا چاہتا ہے جس میں اُس کو مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔