میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کیلئے بجٹ میں کوئی فنڈ مقرر نہ کئے جا سکے

ہفتہ 27 مئی 2017 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2017ء) وفاقی حکومت نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے لئے بجٹ 2017-18 میں کسی قسم کے فنڈ مقرر نہیں کئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ایم سی آئی کے بجٹ رولز سے متعلق تاحال نوٹیفائی نہیں کیا تھا جس کے باعث آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایم سی آئی کے لئے کوئی فنڈ مقرر نہیں کیا گیا ۔ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کی زیر نگرانی اور 20 لاکھ آبادی کے شہر کی دیکھ بھال کے اس ادارے کو اب کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ملنے والے فنڈ پر انحصار کرنا پڑے گا جسے خود مالی چیلنجز کا سامنا ہے ۔

ا س حوالے سے میئر شیخ انصر عزیز کا کہنا ہے کہ وہ بجٹ میں ایم سی آئی کے لئے فنڈز ملنے کی توقع کر رہے تھے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب آئندہ آنے والے چند مہینوں میں ایم سی آئی کے لئے خصوصی فنڈ جاری کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ایم سی آئی کے اپوزیشن لیڈر علی اعوان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے تاکہ لوکل گورنمنٹ کو کمزور کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نومبر 2015 میں ہونے والے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے بعد سے اب تک ایم سی آئی کی یونین کونسلوں کو فنڈ جاری نہیں کئے ۔ ایم سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال وزارت داخلہ کو بجٹ رولز بھیجے جانے کے باوجود ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کئے گئے حالانکہ وزارت داخلہ نے بھی وزارت قانون اور خزانہ کو یہ بجٹ رولز بھیج دیتے تھے تاہم ایم سی آئی کو فنڈز نہ ملنا انتہائی حیران کن اور افسوسناک ہے ۔ (جاوید)

متعلقہ عنوان :