حکومت نے سرکاری ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے،ملازمین میںاسی طرح سے اتحاد رہا تو دیگر مسائل بھی جلد حل ہو جائیں گے‘صوبائی صدر ایپکا کا بجٹ تقریر پر تبصرہ

ہفتہ 27 مئی 2017 17:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) حکومت نے سرکاری ملازمین کے موقف کو تسلیم کرکے ملازمین کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کر دیاہے، اگرملازمین کا اسی طرح سے اتحاد و اتفاق جاری رہا تو ملازمین کے دیگر دیرینہ مطالبات اور مسائل بھی بہت جلد حل ہو جائیں گے، اسلام آباد سے واپسی پر بجٹ تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد سریر ، صوبائی صدر ایپکا خیبر پختونخوا اور جبران اسلم ، جنرل سیکرٹری ایپکا خیبر پختونخوا کا ہفتہ کو ملازمین کے مختلف وفود گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے مزید سبز باغوں کو ٹُھکرا کر بنیادی مطالبہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کے ضم کرنے پر زور دیا اور اس کو ضم کرانے میں کامیاب ہوئے، وفاقی حکومت ، خصوصی طور پر وفاقی سیکرٹری خزانہ جناب طارق باجوہ اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ، محمد اسلم خان ، مرکزی چیئرمین ایپکا کی دُور اندیشی اور بے لوث قیادت کا اس کامیابی میں سب سے اہم کردار ہے اور حسب سابق ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ہی آج ملازمین کا یہ سب سے اہم مطالبہ شرمندہ تعبیر ہو سکا اور امید ہے کہ آئندہ بھی ہم ان کے نقشِ قدم پر چل کر ملازمین کے تمام مسائل حل کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایپکا کی صوبائی اور مرکزی قیادتوں کے علاوہ آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کی جملہ تنظیمات اتفاق کے ساتھ ایک منظم احتجاج میں اپنا بھرپور کردار ادا کرکے حکومت سے اپنا ایک دیرینہ مطالبہ منوانے میں کامیاب ہوگئے لیکن چند مزید دیرینہ مطالبات اب بھی منظوری کے منتظر ہیں جن میں ہاؤس رینٹ میں اضافہ جو کہ سال2001؁ء سے التوا کا شکار ہے، پنشن کا پرانا طریقہ کار بحال کرانا اور پے اینڈ پنشن کمیشن کے قیام کے مطالبات سرِ فہرست ہیں۔

انشاء اللہ ان مطالبات کو بھی منظور کرانے کیلئے منظم اور پُر امن طریقے سے حکمت عملی اپنائیں گے اور صوبہ بھر کے ملازمین کے علاوہ پورے ملک کے ملازمین کو ساتھ لیکر اپنی منزل تک پہنچیں گے۔اس موقع پر مختلف محکمہ جات اور تنظیموں کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 7.5%ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو بھی بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے اور سکیل1تاسکیل17ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکس کو ختم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :