وزیر محنت وترقی کی زیرصدار صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی محکمہ پولیس کا اجلاس ، شہداء پیکج کو بڑھانے پر نظر ثانی ، لوئر سکیلوں کی اپ گریڈیشن کی تجاویز زیر بحث ،پولیس شہداء کیلئے دیگر صوبوں کے مراعاتی پیکجز اور پے سکیلوں کا تفصیلی موازنہ ،پولیس فورس کو مناسب مراعات دینے پر اتفاق

ہفتہ 27 مئی 2017 17:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی آنسیہ زیب طاہرخیلی کی زیر صدارت ہفتہ کو ان کے دفتر پشاور میں صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی برائے پولیس محکمہ پولیس کا اجلاس منعقد ہوا ،کمیٹی کے دیگر ممبران صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی کے علاوہ سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور سراج احمد خان ، سپیشل سیکرٹری خزانہ ادریس خان ، ڈی آئی جی فنانس و پروکیورمنٹ محمد سلیم مروت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء پیکج پر نظر ثانی کرکے اسے بڑھانے اور پولیس فورس کے مختلف لوئر سکیلوں کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں مختلف تجاویز کو زیر بحث لایا گیا ، کمیٹی نے پولیس شہداء کے لئے دیگر صوبوں میں دئیے جانے والے مراعاتی پیکجز اور پے سکیلوں کا کا بھی تفصیلی موازنہ کیا اور ان کی روشنی میں صوبائی پولیس فورس کو مناسب اور بہتر مراعات دینے پر اصولی اتفاق کیا، واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں پولیس شہداء پیکج کو بڑھانے اور پولیس کے مختلف پے سکیلوں کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے ، اس ضمن میں مذکورہ کابینہ کمیٹی اپ گریڈیشن اور شہداء پیکج کو بڑھانے کے سلسلے میں اپنی تجاویز پر مبنی سفارشات بہت جلد وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی او رمراعاتی پیکج کا حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ کریں گے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر محنت آنیسہ زیب طاہر خیلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر ممکن کوشش کرے گی کہ اپنے پولیس کو اپ گریڈیشن بھی دیں اور شہداء پیکج میں بھی خاطر خواہ اضافہ کریں کیونکہ ہماری نڈر اور بہادر پولیس نے لازوال قربانیاں دیں ہیں جن کی بدولت آج صوبے میں امن کی فضا ء قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پوری فراخ دلی سے چاہتی ہے کہ اپنے صوبے کے بہادر پولیس کو زیادہ مراعات او رسہولیات فراہم کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :