چمن22:دن کی بندش کے بعد باب دوستی کھول دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 مئی 2017 16:35

چمن22:دن کی بندش کے بعد باب دوستی کھول دیا گیا
چمن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27مئی۔2017ء) چمن میں پاک افغان سرحد کو 22 روز کی بندش کے بعد افغا ن حکومت کی درخواست پر کھول دیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے ماہ رمضان کے موقع پر افغان انتظامیہ کی درخواست اور جذبہ خیر سگالی کے تحت باب دوستی کو کھولنے کا فیصلہ کیا۔

5 مئی کو چمن کے علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد باب دوستی کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔اس حملے میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کا ایک ایک سپاہی جبکہ 10 عام شہری جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق چمن واقعے کے بعد پاکستان افغان بارڈر پولیس کے اہلکاروں کو دھکیل کر اپنے علاقے پر کنٹرول حاصل کرچکا ہے جبکہ سرحد پر موجود منقسم گاوں کے پاکستانی حصے میں مردم شماری کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک افغان حکام جنگ بندی پر متفق ہوچکے ہیں، اور دونوں ممالک نے سرحدی خلاف ورزیاں نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے اہلکار پاکستان کے سرحدی علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں اپنی طےشدہ پوزیشنز پر موجود رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :