پاکستان اور بھارت جلد شنگھائی تعاون تنظیم کے مکمل رکن بن جائینگے

شنگھائی تعاون تنظیم دنیا کی مقبول ترین اور بڑی علاقائی تعاون تنظیم ہو گی ، چینی وزیر خارجہ

ہفتہ 27 مئی 2017 16:45

پاکستان اور بھارت جلد شنگھائی تعاون تنظیم کے مکمل رکن بن جائینگے
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو نئے مواقع اور چیلنجز کا سامنا ہے، تمام ارکان کی مجموعی کوششوں کے نتیجے میں شنگھائی تعاون تنظیم ایک نئے انداز کی علاقائی تعاون تنظیم بن چکی ہے جو تعاون کے جدید ترین نظریات اور نمایاں بین الاقوامی اثرات رکھتی ہے ، تنظیم علاقائی امن و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر پر دستخط ہونے کی پندرہویں اور اچھی ہمسائیگی، دوستی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے تعاون کے طویل المیعاد معاہدے پر دستخطوں کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس سے قبل انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سے بھی ملاقات کی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ آستانہ اجلاس میں مکمل رکن بننے کا عمل مکمل ہو جائے گا اور اس طرح شنگھائی تعاون تنظیم دنیا کی مقبول ترین اور سب سے بڑی علاقائی تعاون کی تنظیم بن جائے گی جو ترقی کی استعداد اور تعاون کے وسائل کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل ہو گی ، چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آستانہ کانفرنس کے بعد چین شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا ، چین ایک منصوبے پر فعال انداز میں کام کررہا ہے جس میں چھ بڑے شعبے سیاست ،معیشت ، سلامتی ، انسانی ہمدردی اور غیرملکی تعلقات اور میکنزم کی تیاری شامل ہو گا ۔

چین روس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر سلامتی اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید موثر اور بہتر بنانے کے لئے کام جاری رکھے گا ۔

متعلقہ عنوان :